پاک ترک تعاون خطے میں استحکام کیلئے مثبت اثرات مرتب کرے گا، آرمی چیف
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ترکی خطے کا ایک اہم مسلم ملک ہے،پاکستان اور ترکی کا تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ایک روزہ دورہ ترکی کے دوران ترکی کے وزیر دفاع سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ترکی کے کمانڈر جنرل سٹاف اور بری افواج کے کمانڈر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں پیشرفت کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ علاقے میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکی کے مشکور ہیں ۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ترکی خطے کا اہم ملک ہے ۔ پاکستان ترکی تعاون سے خطے کے امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ ترک وزیر دفاع نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ۔ ترک قیادت نے پاک ترک تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا قبل ازیں ترک وزارت دفاع آمد پر چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو سلامی پیش کی ۔