میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تعلیمی ادارے ،ریسٹورنٹس،سیاحتی مقامات 24مئی سے کھولنے کااعلان

تعلیمی ادارے ،ریسٹورنٹس،سیاحتی مقامات 24مئی سے کھولنے کااعلان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے ملک بھر میں کورونا کیسز کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ 24 مئی 2021 سے آوٹ ڈور ریسٹورنٹس اور 5 فیصد سے کم مثبت شرح کے حامل اضلاع میں تعلیمی ادارے سمیت دیگر شعبوں کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جہاں لیفٹننٹ جنرل حمودالزمان نے بھی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت، وزیر صحت سندھ اور تمام وفاقی اکائیوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورت حال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔این سی او سی نے 24 مئی 2021 سے اہم شعبوں کو ملک بھر میں تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ 24 مئی 2021 سے جو شعبے کھول دیے جائیں گے ان میں آوٹ ڈور ریسٹورنٹس رات 12بجے تک جبکہ کھانا ساتھ لے جانے کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔ سیاحت کا شعبہ کووڈ پروٹوکولز کی مکمل پاسداری کے ساتھ کھول دیا جائے گا اور صوبوں کو اس حوالے سے الگ ہدایات جاری کردی جائیں گی۔ تعلیمی ادارے مشروط کھول دیے جائیں گے جن اضلاع میں کیسز کی مثبت شرح 5 فیصد سے کم ہوگی وہاں ادارے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق 27 مئی کو جائزہ لینے کے بعد یکم جون سے کھلے مقامات میں شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی تاہم شرکا کی تعداد 150 تک محدود ہوگی۔ یکم جون سے مخصوص سرجریز کی بھی اجازت ہوگی۔اسی طرح جو تعلیمی ادارے 24 مئی کو نہیں کھلے ہوں وہ بھی 7 جون کو کھلیں گے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام امتحانات 20 جون کے بعد منعقد ہوں گے، تمام پروفیشنلز اور نان پروفیشنلز امتحانات وزارت صحت کی تجویز پر کیس ٹو کیس کی بنیاد پر ہوں گے۔ ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزارات، سینما ہالز، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جم اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جوگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ان ڈور اور آوٹ ڈور ثقافتی، میوزیکل، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابند ی رہے گی جبکہ بین الصوبائی سرکاری ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ ٹرانسپورٹ بائیس مئی سے ہفتہ میں دو دن بند ہوگی،۔این سی او سی کے مطابق یکم جون سے کھولے جانے والے شعبوں کا حتمی جائزہ 27 مئی کو لیا جائے گا۔اس کے علاوہ مزار، سینما گھر، ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندیاں ہو گی جب کہ اسپورٹس، میلوں اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔این سی او سی کے مطابق ان ڈور اور آوٹ ڈور موسیقی، ثقافتی اور مذہبی تقریبات پر مکمل پابندی رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی پابندی بھی جاری رہے گی اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ویکسی نیشن کا تجربہ اچھا رہا ہے ، پاکستان میں ویکسین سے کسی قسم کے سائیڈ افکیٹس نہیں آئے، ابھی تک بالکل واضح ہے کہ ویکسی نیشن بالکل محفوظ ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں