کالعدم ٹی ایل پی کی آفیشل ویب سائٹ بلاک
شیئر کریں
(رپورٹ:شعیب مختار)کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے سے متعلق سی ٹی ڈی کی جانب سے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی، ایف آ ئی اے سائبر کرائم یونٹ کو لکھے گئے خط کے بعد پہلے مرحلے میں مذہبی جماعت کی آفیشل ویب سائٹ بلاک کر دی گئی، فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی تحریک لبیک پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی کے حق میں مہم جوئی کرنے اور ملک دشمن مواد پھیلانے والے بھی ریڈار پر آ گئے، خفیہ مانیٹرنگ شروع ہو گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے پارٹی کو میڈیا پر بلیک آؤٹ رکھنے کی ہدایات دی گئیں ہیں۔ اس ضمن میں ٹی ایل پی کے پیغام رسائی کا ذریعہ بننے والے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا ٹاسک سی ٹی ڈی کے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کو دیا گیا ہے، جن کی جانب سے گزشتہ روز ٹی ایل پی کے فیس بک،ٹوئٹر اور یوٹیوب پر موجود50سے زائداکاؤنٹس جس کے ذریعے ریاست مخالف اور نفرت انگیز تقریر پھیلائی جا رہی تھیں کی فہرست ایف آئی اے سائبر کرائم کو بھیجی گئی ہے جنہیں بلاک کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پرپارٹی کے حق میں اور مقتدر حلقوں کیخلاف منفی پروپیگنڈاکرنے والوں کیخلاف بھی قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت آ ئندہ چند روز میں ان تمام تر عناصر کی گرفتاری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات بنائے جائیں گے۔