میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کیلئے حکومت ، اپوزیشن میں کھینچا تانی

چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کیلئے حکومت ، اپوزیشن میں کھینچا تانی

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۰ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، ایسے وقت میں حکومت نے پی ڈی ایم میں شامل اہم جماعت کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ آفر کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اس وقت سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے، حکومت اور اپوزیشن سینیٹ میں اپنا چیئرمین لانے کے لئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں، ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں سے حکومت اور اپوزیشن کے رابطے جاری ہیں۔ایسی صورت حال میں حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن میں شامل جے یو آئی (ف) کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ آفر دے کر بڑا سیاسی فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی پر مشتمل حکومتی وفد نے یہ آفر جے یو آئی سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری کو دی۔اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں نے اسلام آباد میں اہم ملاقات بھی کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ عبدالغفور حیدری کو آفر ہے کہ وہ ہمارے ڈپٹی چیرمین سینیٹبن جائے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے آپ کو ڈپٹی چیئرمین شپ کی آفر کی گئی توان کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پرآگاہ نہیں کیا گیا، میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہماری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، فی الوقت صادق سنجرانی ہی ہمارے چئیرمین ہیں۔بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیڑ مولانا عبدالغفور حیدری نے حکومتی پیشکش کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کیلئے ایسے حربے استعمال کر رہے ہیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ چیئرمین سینٹ سے میٹنگ کے دوران ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ میٹنگ کے بعد پرویز خٹک نے پیشکش میڈیا کے سامنے کی۔مولانا عبدالغفور حیدری حکومتی وزیر کی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس حکومت کو اپوزیشن تسلیم نہیں کرتی اس حکومت کی پیشکش کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے، ہم اس کے پابند ہیں۔ پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے۔علاوہ ازیں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے نامزد کردیا۔پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر کے عہدوں کے ناموں پر حتمی مشاورت کی گئی۔ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے جے یو آئی کے امیدوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہوگا۔بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار نامزد کردیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عبدالغفور حیدری پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدواربرائے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پیشکش پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم کے نامزد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مولانا عبدالغفور حیدری کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی جبکہ عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی جبکہ حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔اپوزیشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کردیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔نومنتخب سینیٹرز 12 مارچ کو حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہوگا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں