پی ایس ایل 6 لاہورقلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
شیئر کریں
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9وکٹوں سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 179رنز کا ہدف دیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے اننگز کا آغاز فخرزمان اور سہیل اختر کی اوپننگ سے کیا۔ایل کیو کے اوپنرز نے64 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد سہیل اختر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کھیل کے9ویں اوورز میں 64 کے مجموعی اسکور پر لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔لاہورقلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت 179 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔فخر زمان 82 اور محمد حفیظ 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔179 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،ان کے واحد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لاہور قلندرزکے کپتان سہیل اختر تھے، جو 64کے مجموعی اسکور پر21 رنز بناکر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔جس کے بعد اوپنر فخر زمان اور ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ نے محمد حسنین، عثمان شنواری، بین کٹنگ، محمد نواز ، انور علی اور زاہد محمود پر مشتمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ اٹیک کو آڑے ہاتھوں لیا اور وکٹ کے چار وں اطراف شاندار اسٹرروکس کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔فخر زمان نے 52 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محض 24 گیندوں پر نصف سنچری بنانے والے محمد حفیظ 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی بدولت 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ کے آغاز پر لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ٹام بینٹن اور صائم ایوب نے ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا تاہم وہ جلد ہی پویلین لوٹ گئے، ٹام بینٹن 4 اور صائم ایوب صرف 12رنز بنا سکے۔میچ کے دسویں اوور تک کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا مجموعی اسکور 68تھا اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور کرس گیل نے ٹیم کو سہارا فراہم کیا۔سرفراز احمد اور کرس گیل کے درمیان 101 رنز کی شاندار شراکت رہی۔ کپتان سرفراز نے33گیندوں پر 40 رنز بنائے اور حارث رؤف کی بال پر آؤٹ ہوکر واپس چلے گئے۔اگلے ہی اوور میں راشد خان نے کرس گیل کو بھی 68 کے ذاتی اسکور پر پویلین روانہ کردیا۔ انہوں نے یہ اسکور 40گیندوں پر پورا کیا، اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا مجموعی اسکور118رنز تھا۔کرس گیل کے بعد اعظم خان بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرپائے اور صرف 19 رنز بنا کر چلتے بنے، وہ احمد دانیال کی بال پر آؤٹ ہوئے۔چھٹے نمبر پر آنے والے محمد نواز نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور صرف 20 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم مقررہ اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بناسکی۔لاہور قلندر کے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال، راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اطلاع کے مطابق لاہور قلندرز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ قبل ازیں ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہناتھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جلدآؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔