حیدرآباد کے بعدکشمور میں بھی پینشن کی رقم میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف
شیئر کریں
تحقیقاتی کمیٹی نے کشمور ٹریژری آفس پر چھاپہ مار کر پینشن کی ادائیگی کا ریکارڈ ضبط کرلیا، ریکارڈ اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں محفوظ کرلیا گیا
حیدرآباد ٹریژری آفس میں پینشن کی رقم میں 4 ارب روپے کے کرپشن اسکینڈل کی تحقیقاتی قومی احتساب بیورو (نیب)، محکمہ خزانہ سندھ میں جاری ہے،رپورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ خزانہ سندھ کے ماتحت حیدرآباد ٹریژری آفس میں 4 ارب روپے کے کرپشن کیس کے بعد کشمور میں بھی پینشن کی رقم میں کروڑوں روپے کا کرپشن اسکینڈل سامنے آگیا، محکمہ خزانہ نے ریکارڈ ضبط کرکے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خزانہ سندھ کے ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس کشمور میں پینشن کی رقم میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہے، کرپشن اطلاعات پر محکمہ خزانہ سندھ کے سیکریٹری نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی، تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی تحقیقات کے بعد کشمور ٹریژری آفس پر چھاپہ مار کر پینشن کی ادائیگی کا ریکارڈ ضبط کرلیا ہے، ضبط کیا گیا ریکارڈ اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں محفوظ کرلیا گیا ہے، محکمہ خزانہ سندھ نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (خزانہ) حبیب الرحمان آرائین کو ہدایت کی ہے کہ اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میںموجود ریکارڈ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں، تحقیقاتی افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ کشمور ٹریژری آفس سے ادا کی گئی پینشن کے ہر ایک کیس کا جائزہ لیا جائے اور اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ پینشن اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر سے ریفر کیا گیا یا نہیں، اگر اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر سے پینشن کیس ریفر ہوا تو ریفر کرنے والے کی نشاندہی کی جائے۔ کشمور ٹریژری آفس میں جعلی ادائیگیوں کے کیسز ریفر کس نے کئے ؟ کون سے افسران نے پینشن کی ادائیگی کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں؟ محکمہ خزانہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کرکے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (خزانہ) حبیب الرحمان آرائیں سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس سے پہلے حیدرآباد ٹریژری آفس میں پینشن کی رقم میں 4 ارب روپے کے کرپشن اسکینڈل کی تحقیقاتی قومی احتساب بیورو (نیب)، محکمہ خزانہ سندھ میں جاری ہے، نیب نے حیدرآباد ٹریژری آفس کرپشن اسکینڈل میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکائونٹس افسر نذیر بھٹو، سابق ڈسٹرکٹ اکائونٹس افسر الطاف حسین منگی، سابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکائونٹس افسر شاہ نواز ڈہوٹ، سب اکائونٹنٹ اسلم ابڑو، اور دیگر کو نوٹس جاری کرکے معلومات طلب کی ہے۔