افغان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد معاشی ترقی میں حمایت کرے گا، افغانستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے افغان کونسل برائے مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عبداللہ عبداللہ کا دورہ پاکستان تعلقات کے نئے باب میں معاون ہوگا، افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل آگے بڑھنے کا راستہ ہے، خوشی ہے عالمی برادری نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔عمران خان نے کہا کہ امریکا طالبان کا امن معاہدہ ایک اہم قدم تھا، امید ہے افغان قیادت سیاسی تصفیہ کے لیے مل کر تعمیری انداز میں کام کرے گی، جنگ بندی سے تشدد میں کمی کے لیے افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا، پاکستان افغانستان کے مستقبل سے متعلق اتفاق کی حمایت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے مواقع ہیں، افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔