میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کنڑ کی معروف فلم اداکارہ سنجنا گلرانی کا قبول اسلام

کنڑ کی معروف فلم اداکارہ سنجنا گلرانی کا قبول اسلام

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۳ ستمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنڑ کی معروف فلمی اداکارہ سنجنا گلرانی کے قبول اسلام کی خبریں بھارتی فلم انڈسٹری پر چھائی ہوئی ہے۔بنگلورو کی مشہور دینی درس گاہ دارالعلوم شاہ ولی اللہ کی جانب سے سال 2018 میں جاری کیا گیا قبول اسلام کا ایک تصدیق نامہ بھی حالیہ دنوں میں منظر عام پر آیا ہے ۔
قبول اسلام کا یہ تصدیق نامہ ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب اداکارہ سنجنا گلرانی کو منشیات کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ دارالعلوم شاہ ولی اللہ کے مہتمم مولانا زین العابدین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم اداکارہ سنجنا کو 09/10/2018 میں محکمہ شرعیہ صوبہ کرناٹک کی جانب سے قبول اسلام کا تصدیق نامہ فراہم کیا گیا ہے ۔ تصدیق نامہ کے مطابق ارچنا منوہر گلرانی بنت منوہرگلرانی عمر 31 سالہ نے بغیرکسی جبر واکراہ کے برضا و رغبت اللہ کے ایک ہونے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو آخری نبی ہونے کو مان کر کلمہ شہادت پڑھ کر دین اسلام قبول کیا ہے ۔
اس تصدیق نامہ پر سنجنا گلرانی کے دستخط اور دو گواہ امتیاز اور اسلم پاشاہ کے نام، پتے ، دستخط اور فون نمبرموجود ہیں۔ مدرسہ شاہ ولی اللہ کے مہتمم مولانا زین العابدین نے کہا کہ سنجنا گلرانی کی جانب سے تبدیلی مذہب کے سلسلے میں کورٹ سے لائے گئے تصدیق نامے کی بنیاد پر مدرسہ نے تصدیق نامہ جاری کیا ہے ۔ مولانا زین العابدین نے کہا کہ قبول اسلام کیلئے جو بھی مدرسہ سے رجوع کرتا ہے تو عدالتی تصدیق نامے کی بنیاد پر ہی تصدیق نامہ جاری کیا جاتا ہے ۔ قانون کے مطابق تبدیل مذہب کی کارروائی انجام دی جاتی ہے ۔ یہ سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے مدرسہ شاہ ولی اللہ کے تحت جاری ہے ۔ سنجنا گلرانی ایک فلمی اداکارہ ہیں، کیا اس بات سے آپ واقف تھے ؟ اس سوال پر مولانا زین العابدین نے کہا کہ سنجنا گلرانی کے پس منظر سے وہ واقف نہیں تھے ۔ مولانا نے کہا کہ سنجنا ہو یا کوئی اور خواہش مند جو بھی عدالت سے تصدیق نامہ پیش کرتا ہے ، اس بنیاد پر قبول اسلام کا تصدیق نامہ دیا جاتا ہے ۔
ارچنا منوہر گلرانی عرف سنجنا نے اپنے عدالتی تصدیق نامے میں کہا ہے کہ وہ گزشتہ 10 سالوں سے مذہب اسلام کے سلسلہ میں کئی باتیں سنتی اور دیکھتی ہوئی آرہی ہیں۔ اس پروپیگنڈہ سے ان میں اسلام کو جاننے کا تجسس پیدا ہوا، اس کے بعد انہوں نے اسلام کو جاننے کی کوشش کی۔ اسلام کے متعلق موجود مواد کا مطالعہ کیا، مذہب اسلام پر چلنے والوں سے تبادلہ خیال کیا۔ مذہب اسلام کے اصولوں سے وہ متاثر ہوئیں، سنجنا نے عدالتی تصدیق نامے میں مزید کہا کہ میرے خیال میں اسلام کے اصول سچے ہیں اور میں ان اصولوں پر یقین کرتی ہوں۔ میں مذہب اسلام سے محبت کرتی ہوں، جس پر چلنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زندگی کا مقصد حاصل ہوسکے ۔ ارچنا گلرانی نے کہا کہ وہ ان تمام باتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ، یکم اکتوبر 2018 کو اہلیت رکھنے والے افراد، خاندان کے افراد اور گواہوں کی موجودگی میں اسلام میں داخل ہوئی ہیں۔ ارچنا نے یہ بات بھی کہی ہے کہ وہ باہر کے کسی بھی دباؤ میں نہ آتے ہوئے اپنی پسند سے اسلام میں داخل ہوئی ہیں اور مسلم نام ماہرہ اختیار کرتی ہیں۔ فلم اداکارہ سنجنا گلرانی ان دونوں منشیات کے جال میں ہے ، جس کا سی سی بی نے پردہ فاش کیا ہے ، ملزم قرار پائی ہیں۔ سنجنا گلرانی، کنڑا کی ایک اور اداکارہ راگنی دیودی سمیت چند دیگر ملزمان ان دنوں عدالتی تحویل میں ہیں۔ بنگلورو کی سینٹرل کرائم برانچ پولیس اس ہائی پروفائل کیس کی جانچ کر رہی ہے ۔ اس دوران سنجنا گلرانی کی 2018 میں مذہب اسلام میں داخل ہونے کی خبروں سے بھارتی ریاست کے فلمی اور سیاسی حلقوں میں بحث چھڑی ہوئی ہے ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں