سندھ حکومت کے بھیجے گئے ماسک چہیتوں میں تقسیم
شیئر کریں
سٹی صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر راجہ بشارت افضال نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور ضلعی انتظامیہ سندھ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ماسک جو صرف ڈاکٹروں کیلئے دیے گئے تھے مگر افسوس کی بات ہے کہ یہ ماسک وزراء اور حکومتی مشینری نے اپنے چہیتوں میں تقسیم کردیے ہیں جس سے ڈاکٹروں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرہ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور ضلعی انتظامیہ خوش کے ناخن لے ، سندھ حکومت کی جانب سے مہنگے ماسک اور جو میڈیکل کٹ دی گئی تھی وہ تمام ڈاکٹروں کو دی جائیں جو کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور چیکنگ کے کام کرتے ہیں جبکہ ان میں سے برارکوٹ اور کوہالہ چوکی پر تعینات میڈیکل عملے کو بھی دیے جائیں تاکہ ڈاکٹر اپنی زندگی او رکرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی حفاظت کرسکیں ۔اُنہوں نے کہا کہ وزراء کے رشتہ داروں ،دوستوں کو ان ماسک کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ وہ ماسک ہیں جو چین کی جانب سے حکومت پاکستان کو دیے گئے تھے تاکہ ان ماسک کو کرونا وائرس کے مریضوںکو چیک کرنے اور قرنطینہ میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کے کام آسکیں مگر افسوس کا مقام ہے کہ ڈاکٹروں کو دیے جانے والے سستے ماسک اور کٹس فراہم کی گئی ہیں جو کہ خطرناک ہے اس سے ڈاکٹروں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔