پاک فوج کے شہید 2 افسران سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک
شیئر کریں
شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن عارف اللہ اور لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے تھا، ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں تاجہ زئی میں ادا کی گئی اور شہید کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔شہیدکیپٹن عارف اللہ کی نماز جنازہ میں اعلیٰ افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شمالی وزیرستان دھماکے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے افسر لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ کے علاقے کریم آباد سے تھا، ان کی نماز جنازہ جوٹیال میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت فوجی افسران نے شرکت کی۔ شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کے جسدِ خاکی کو بذریعہ ہیلی کاپٹر ہنزہ پہنچادیا گیا جہاں سے شہید کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے آبائی گائوں حیدرآباد روانہ کیا گیا۔شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی نماز جنازہ ہنزہ کے پولو گرائونڈ میں ادا کرکے مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی۔نماز جنازہ میں سابق گورنر گلگت بلتستان غضنفر علی خان، ممبران گلگت بلتستان اسمبلی اور دیگر نے شرکت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت ایک حوالدار کی شہادت ہوئی۔