بیجنگ میں وزیراعظم اور عالمی بینک کی سی ای او کے درمیان ملاقات
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان اور عالمی بینک کی سی ای او کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں میں ملاقات بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور وزیر خارجہ شاہ محمود بھی ہمراہ تھے ۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں ترقی کیلئے پانچ تجاویز پیش کیں۔ خطاب کے دوران روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے وزیراعظم نے 5 نکات پیش کیے ۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئے ، ہمیں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہئے ، کرپشن اور وائٹ کالر کرائم پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی سے کام کرنا ہوگا، غربت کے خاتمے کے لیے فنڈ قائم کیا جائے اور پانچویں تجویز یہ ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے ۔ انہوں نے تقریب کے تمام شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی اور کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے ، پر امن اور ترقی یافتہ دنیا کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں۔عمران خان نے کہا پاکستان اپنے لوگوں کے بہتر مستقبل کے لیے باہمی احترام اور مساوی مواقع کے ساتھ چین اور بی او آر کے دوسرے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، پاکستان ان سب کے ساتھ ہے جو ترقی یافتہ اور پر امن دنیا کا خواب رکھتے ہیں ہم سب پرامید اور خوشیوں سے بھرے مستقبل کے لیے مل کر کام کریں گے ۔