عمران نے بھارت کیساتھ حالیہ کشیدگی کم کرنے کیلئے مہارت کا ثبوت دیا ،رچرڈ اولسن
شیئر کریں
پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ عمران خان نے بھارت کیساتھ حالیہ کشیدگی کم کرنے کیلئے مہارت کا ثبوت دیا، پاکستانی وزیراعظم نے افغان امن عمل سے متعلق بھی مثبت اقدامات کیے ، پاکستان افغان امن مذاکرات کیلئے طالبان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر سکتا ہے ۔سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے ، پاکستان نے افغان امن عمل میں مدد کی، یہ تعلقات کیلئے اہم ہے ، عمران خان نے افغان امن عمل سے متعلق چند مثبت اقدامات کیے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے بھارت کیساتھ حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں مہارت کا مظاہرہ کیا، طالبان کے ساتھ مذاکرات ابتدائی مراحل میں ہیں، پاکستان افغان امن مذاکرات کیلئے طالبان میں اپنے اثرور سوخ کو استعمال کرسکتا ہے ۔ادھر پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر ڈیوڈ ہیل کا پاکستانی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا امریکا پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتا ہے ، پاکستان کو پر امن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان قابل غور وسائل سے فائدہ اٹھائے تو عالمی معیشت میں اہم پلیئر بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور امریکا کے درمیان 2018 میں دو طرفہ تجارت 6.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچی، دو طرفہ تجارت کو اس سے بھی آگے بڑھایا جاسکتا ہے ، امریکی حکومت کا سب سے بڑا ایکس چینج پروگرام پاکستان کیساتھ ہے ۔