![ممبئی حملوں کے 10سال مکمل ہونے پر ٹرمپ کا بھارت کے نام پیغام](https://juraat.com/wp-content/uploads/2018/11/trump-1024x576.jpg)
ممبئی حملوں کے 10سال مکمل ہونے پر ٹرمپ کا بھارت کے نام پیغام
شیئر کریں
ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے دس برس مکمل ہونے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے نام پیغام جاری کیا ہے ۔26نومبر 2008کو بھارتی شہر ممبئی میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 166افراد ہلاک جبکہ 100سے زائد شہری زخمی ہوئے تھے ۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد میں ممبئی پولیس کے ایک درجن سے زائد اہلکار بھی شامل تھے ۔اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ممبئی دہشت گردحملے کے دس برس مکمل ہونے پر امریکابھارت کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انصاف کا خواہاں ہے ۔ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ اس حملے میں 166بے گناہ معصوم افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 6امریکی بھی شامل تھے ۔ ہم کبھی بھی دہشت گردوں کو جیتنے نہیں دیں گے اور نہ ہی وہ کبھی جیتنے کے قریب آئیں گے ۔ گزشتہ روز ممبئی حملوں کے 10سال مکمل ہونے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حملوں میں ملوث عناصر کو اب تک سزا نہیں ملی جو ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کی توہین ہے ۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ تمام ممالک بالخصوص پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ لشکر طیبہ سمیت ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں پر عمل درآمد کرے۔