میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جب تک قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا، آرمی چیف

جب تک قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا، آرمی چیف

منتظم
جمعه, ۱۳ اپریل ۲۰۱۸

شیئر کریں

راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جب تک قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ٗملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا ٗشہید نو جوان ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں ٗ کوئی بھی میڈل شہداء کی قربانی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ٗ اپنے ہیروز کو بھلانے والی قومیں مِٹ جاتی ہیں ٗشہداء کے ورثاء کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے ٗ ہماری قوم کی تاریخ یاد رکھنے کی صلاحیت بہت کم ہے ٗبطور قوم ہمیں ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے ٗپاکستان آہستہ آہستہ ترقی اور امن کی جانب بڑھ رہا ہے ٗ پاکستان اب مشکل حالات سے باہر نکل آیا ہے ٗاچھے دن آنے والے ہیں۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی جس میں عسکری حکام ، غازیوں اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے لواحقین اور غازیوں میں اعزازات تقسیم کیے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 32 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا، 2 افسران کو تمغہ جرات اور 33 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا ٗ 4 افسروں، جوانوں کو یو این میڈل دیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی میڈل شہداء کی قربانی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا اور شہداء کے لواحقین کے غم کو کم نہیں کرسکتا، یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے آج ہم امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میں دن بہ دن امن آرہا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ جب بھی میں بیرون ملک جاتا ہوں لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ دہشت گردوں نے پوری دنیا میں تباہی مچائی ہوئی ہے اور ان کے خلاف اگر کوئی کامیابی کی مثال ہے تو وہ پاکستان ہے جس نے اپنے علاقوں سے دہشت گردوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے ٗپاکستان کے پاس ایسی کیا خصوصیت ہے جو دیگر ملکوں کے پاس نہیں ہے؟۔آرمی چیف نے کہا کہ میں ان لوگوں کو جواب دیتا ہوں کہ جب تک پاکستان میں ایسی مائیں، بہنیں، بیویاں، بیٹیاں پیدا ہوتی رہیں گی جو اپنے بیٹوں، بھائیوں، شوہروں اور والد کو مادر وطن پر نچھاور کرنے کے لیے بھیجتی رہیں گی اس وقت تک پاکستان کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کی قربانی کی وجہ سے آج ہم اس مقام پر پہنچے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ شہداء ہی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں جنہوں نے ملک کیلئے اپنی زندگی داؤ پر لگادی، وہ قومیں جو اپنے ہیروز کو بھلا دیتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیاوی طور پر پوری کوشش کریں گے کہ شہداء کے لواحقین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ آئے تاہم بطور قوم ہمیں ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ ترقی اور امن کی جانب بڑھ رہا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ جب ملک میں مکمل آجائے تو ہم شہداء کی قربانیوں کو بھول بیٹھیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہماری قوم کی تاریخ یاد رکھنے کی صلاحیت بہت کم ہے، ابھی کچھ عرصہ ہی گزرا ہے فاٹا میں امن آیا ہے اور لوگوں نے ایک نئی تحریک شروع کردی ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان میں جو باہر سے اور اندر سے پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں، انہیں ہم یہ بتانا چاہتے ہیں آپ چاہے جو بھی کرلیں جب تک پاک فوج کے پیچھے قوم کھڑی ہے پاکستان کو کچھ نہیں ہوسکتا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اب مشکل حالات سے باہر نکل آیا ہے اور پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں۔انہوں نے تقریب میں موجود افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان مزید ترقی کی جانب بڑھے گا تو میں تو اس عہدے پر نہیں رہوں گا لیکن میں آپ لوگوں سے امید کرتا ہوں کہ آپ کبھی شہداء اور ان کے ورثاء کو نہیں بھلائیں گے۔آخر میں آرمی چیف نے شہداء کے ورثاء کو ایک بار پھر سلام پیش کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں