میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کسی بھی طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے،نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اظہار اعتماد

پاکستان کسی بھی طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے،نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اظہار اعتماد

منتظم
جمعه, ۲۲ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

راولپنڈی (این این آئی) نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی دفاعی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوششوں اور کردار پر سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ پڑوس میں عدم استحکام کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹیجک استحکام برقرار رکھنے کے مقصد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا 23 واں اجلاس جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں دفاع اور داخلہ کے وفاقی وزراء ، چیئرمین جے ایس سی ، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی ،سیکریٹری خارجہ امور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ نیشنل کمانڈر اتھارٹی کو اسٹرٹیجک ماحول سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ این سی اے نے خطے کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کے پڑوس میں ہونیوالے عدم استحکام کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا جن کی وجہ سے جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹیجک استحکام برقرار رکھنے کے مقصد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان اقدامات میں روایتی ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ، بھارتی بحری خطے کو جوہری بنانا اور بی ایم ڈی میں اضافے اورتعیناتی کے منصوبے شامل ہیں۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینے کی پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کیا۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے قومی دفاعی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوششوں اور کردار پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی۔ این سی اے نے بابر تھری ایس ایل سی ایم اور ابابیل میزائل سسٹم کے تجربات کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی کے مظاہرے کو سراہا جس سے اسٹریٹیجک صلاحیتوں کے حوالے سے ملک ٹیکنالوجی کی جدت کے نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔اجلاس کے دوران نیوکلیئر سیکورٹی ریجیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پاکستان کے جوہری نظام کے کمانڈ اور کنٹرول اورسیکیورٹی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیاجس کے ذریعے پاکستان کے سٹریٹیجک اثاثوں اور مواد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر پاکستان جوہری سیکورٹی میں اضافے اور جوہری عدم پھیلائو کے اقدامات کے حوالے سے عالمی کوششوں میں اپنا با مقصد کردار ادا کرتا رہے گا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹیجک فورسز کی تربیت اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ این سی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں اور جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹیجک استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے ہمسائیوں کے ساتھ کوششوں کا خواہش مند ہے۔ این سی اے نے ہتھیاروں کی برآمد کو کنٹرول کرنے کے لیے قومی سطح پر جامع اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں