میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پورٹ قاسم پاور پلانٹ، سی پیک کے تحت مکمل ہونیوالے پہلے منصوبے کا وزیراعظم نے افتتاح کیا

پورٹ قاسم پاور پلانٹ، سی پیک کے تحت مکمل ہونیوالے پہلے منصوبے کا وزیراعظم نے افتتاح کیا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۳۰ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور کوئی چوائس نہیں ہے۔ عام انتخابات اگست 2018ء میں ہی ہوںگے۔ اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب متحد ہیں۔ آج پاکستان میں جمہوریت متحرک اور اظہاررائے کی مکمل آزادی ہے۔ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔ حکومت نے توانائی کا جو منصوبہ شروع کیا ہے اسے بروقت مکمل کیا جارہا ہے۔ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوچکا ہے۔ نیپرا نے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کو پورٹ قاسم پر1320 میگاواٹ کے بن قاسم کول پاور پروجیکٹ کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ توانائی کا یہ منصوبہ 660 میگاواٹ پر مشتمل ہے، جو چین کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔دوسرافیزفروری2018میں مکمل کرلیاجائے گا۔یہ بجلی گھر سی پیک منصوبے کا حصہ ہیں۔ تقریب میںگورنر سندھ محمد زبیر، قطری شہزادے حماد بن جاسم، وزیر مملکت پانی وبجلی عابدشیر علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم پر کول پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح خوش آئند ہے۔ تقریب میں قطری شہزادے کی شرکت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔پورٹ قاسم پر لگایا جانے والا یہ بجلی گھر 1320 میگاواٹ پر مشتمل ہے یہ کول پاور منصوبہ ہے جس کی آج پہلے فیز کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ پاکستان چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔ سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ ماحول دوست ہے۔ جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی ملک میں 16 ،16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ملک میں توانائی کا شدید بحران تھا اور توانائی کی قلت کی وجہ سے ملک کا معاشی نظام کمزور تھا، مسلم لیگ کی حکومت نے ملک میں سب سے پہلے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن پر توجہ دی۔ ہماری پہلی ترجیحات میں توانائی کے بحران پر قابو پانا بھی تھا اس لیے حکومت نے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے تحت مختلف ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 2013ء میں جو منصوبے شروع کیے گئے تھے آج وہ مکمل ہوچکے ہیں۔ بن قاسم پاور پلانٹ کا منصوبہ 2015ء سے شروع کیاگیا آج اس منصوبے کا 660 منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہوچکا ہے، آئندہ برس کے اوائل فروری میں دوسرا فیز بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت ہے۔ ہم سی پیک کو ہر حالت میں مکمل کریںگے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں