میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آجاؤں گا ‘ پرویز مشرف
شیئر کریں
کراچی (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آجاؤں گا ۔ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے ۔ ہم پاکستان لوٹنے والوں ، چوروں اور لٹیروں کو ملکی سیاست سے نکال دیں گے اور عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے ملک میں ایماندار قیادت آئے گی۔ ضلع وسطی میں جلسے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ آج کراچی میں ہم سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سے شامل ہونے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو اے پی ایم ایل سندھ ساؤتھ ریجن کے تحت زینت اسکوائر ایف سی ایریا لیاقت آباد میں پارٹی کے ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، مسلم لیگ (فنکشنل) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 1 ہزاد سے زائد کارکنوں نے میں اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسلم مینائی ، عمران صدیقی ، محمد علی شیروانی ، سید سرفراز علی ، آصف خان ، طاہر خان ، سلمی وحید مراد ، نجمی مینائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آج مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ضلع وسطی میں اے پی ایم ایل کا دفتر کھلا ہے ۔ آج اے پی ایم ایل کا لیاقت آباد میں عوامی اجتماع منعقد ہوا ہے ۔ یہ علاقہ ماضی میں ایم کیو ایم کا ہوا کرتا تھا ۔ آج کے عوامی اجتماع میں اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی ، پاک سرزمین پارٹی ، مسلم لیگ (فنکشنل) ، پنجابی پختون اتحاد پارٹی اور دیگر جماعتوں سے سیکڑوں کارکنان شامل ہوئے ہیں ۔ ہماری جماعت صرف مہاجروں کی جماعت نہیں ہے ۔ ہماری پارٹی میں سندھی ، پٹھان ، پنجابی ، پختون ، بلوچ سمیت تمام مذاہب اور قوموں کے لوگ شامل ہیں ۔ ہماری پارٹی ایک صوبے تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی جماعت ہے ۔ آج ہم نے ضلع وسطی میں سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے ۔ میں ملک سے باہر ہوں لیکن جلد آپ کے درمیان ہوں گا ۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد بلاک نمبر 3 میں دارالسلام بلڈنگ میں کئی سال تک مقیم رہا ہوں ۔ میں نے اپنا بچپن وہاں گزارا ہے ۔ میں جلد آپ کے درمیان آؤں گا اور میری واپسی پر کراچی میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں تمام مذاہب اور قومیتوں کو نمائندگی دی جا رہی ہے ۔ آج پاکستان کی صورت حال بہتر نہیں ہے ۔ ہمیں مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔