مسئلہ کشمیر سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوئی‘ امریکا
شیئر کریں
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے کہاہے کہ افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان کو بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،سفارتی کوششوں سے سیاسی حل کی جانب جایا جا سکتا ہے، کشمیر پر امریکا کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاک بھارت مذاکرات کی حوصلہ افزائی کریں گے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے خطے میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا افغانستان اور خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لئے سفارتی اور سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان نوئرٹ نے کہا پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق ابھی پاکستان سے کوئی بات نہیں ہوئی، افغانستان میں فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے انہوں نے کہا اضافہ پینٹاگون نیکرنا ہے۔مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرتے ہوئے ترجمان نوئرٹ نے کہا پاکستان بھارت کو کشیدگی ختم کرنے کے لیے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، امریکا پاک بھارت براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرے گا۔محکمہ خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا افغانستان سے متعلق حکمت عملی کو پورے خطے کی پالیسی سمجھتا ہے جس میں یقینا پاکستان اور بھارت دونوں شامل ہیں۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حکومت کی اس بارے میں پاکستانی حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کی حمایت کرتا ہے۔