میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارتی اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم

بھارتی اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۹ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

بھارت میں اقلیتوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کے قوانین، بالخصوص "غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ” (یو اے پی اے / UAPA)، کے استعمال پر انسانی حقوق کے اداروں اور مبصرین کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے، جبکہ بھارتی حکام اس قانون کو ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔ بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن (یو ایس سی آئی آر ایف) نے ستمبر 2026 کے اپنے بیان میں الزام لگایا کہ بھارت مذہبی اقلیتوں کو حراست میں رکھنے کے لیے یو اے پی اے جیسے قوانین استعمال کر رہا ہے۔ بیان میں جگتار سنگھ جوہل، عمر خالد اور شرجیل امام کے مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی طویل حراست اور قانونی شرائط پر تشویش ظاہر کی گئی۔

ہیومن رائٹس واچ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے یو اے پی اے کی ان شقوں پر تنقید کی ہے جن کے تحت ٹرائل کے بغیر طویل حراست ممکن ہو جاتی ہے اور ضمانت حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، اور کہا ہے کہ ان قوانین کا استعمال اختلافی آراء اور کارکنوں کے خلاف کیا جاتا ہے۔نومبر 2026 میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کے تحت گرفتاریوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ان مقدمات میں سزا کی شرح 3.8 فیصد رہی۔بھارتی حکام کا مؤقف رہا ہے کہ یو اے پی اے اور دیگر سیکیورٹی قوانین ملکی سلامتی، خود مختاری اور دہشت گردی یا غیر قانونی سرگرمیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔حکومت کے مطابق یہ قوانین کسی مخصوص مذہب یا برادری کے بجائے غیر قانونی سرگرمیوں، سیکیورٹی خطرات اور قانون شکنی میں ملوث افراد یا تنظیموں کے خلاف نافذ کیے جاتے ہیں۔

امریکہ کے کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے انڈیا پر مذہبی اقلیتوں کی حراست کے لیے دہشت گردی سے متعلق قوانین کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ انڈین حکام کے ساتھ مل کر مذہبی آزادی کے قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔یو ایس سی آئی آر ایف کا یہ بیان برطانوی نڑاد سکھ کارکن جگتار سنگھ جوہل کو ضمانت ملنے کے بعد سامنے آیا ہے۔نئی دہلی ہائی کورٹ نے تقریباً 9 سال حراست میں رہنے کے بعد جگتار سنگھ جوہل کو ضمانت دی ہے تاہم کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کی برطانیہ واپسی اور خاندان سے دوبارہ ملنے کے حوالے سے اب بھی صورت حال واضح نہیں۔ ضمانت کی شرائط کے تحت جگتار سنگھ جوہل کو اپنا پاسپورٹ جمع کرانا ہو گا، ان کے میڈیا سے رابطے پر پابندی ہو گی جبکہ ان کے خلاف آٹھ الزامات میں سزائے موت کا خطرہ بھی برقرار ہے۔

بھارتی حکام نے 2017 میں جگتار سنگھ جوہل کو قتل اور دہشت گردی کے الزامات پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار کیا تھا۔کمیشن کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے متعدد خصوصی نمائندوں نے اس قانون بین الاقوامی معیار اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے متعلق انڈین قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔ گرفتاری سے قبل جگتار سنگھ جوہل نے انڈیا میں سکھ برادری کے ساتھ ہونے والی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بلاگز لکھے تھے۔ ان کے مقدمے میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی اور حکام ان کے خلاف قابلِ اعتماد شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔ اقوام متحدہ نے 2022 میں جگتار سنگھ جوہل کی حراست کو من مانی کارروائی قرار دیا تھا جبکہ حال ہی میں اسے نفسیاتی تشدد کے مترادف قرار دیا گیا۔یو ایس سی آئی آر ایف نے دوران حراست جگتار سنگھ جوہل سے ہونے والے مبینہ سلوک کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔کمیشن کا کہنا ہے کہ جوہل نے انڈین حکام پر بجلی کے جھٹکے دینے، نیند سے محروم رکھنے، جسمانی اذیت دینے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا ہے کہ ان حالات میں ان سے اعترافی بیان لیا گیا۔یو ایس سی آئی آر ایف نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ انڈین حکام سے جگتار سنگھ جوہل کی حراست اور دورانِ حراست مبینہ سلوک کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرے۔کمیشن کی نائب چیئر سی سی ہیل کا کہنا ہے کہ جوہل کا معاملہ بھارتی حکومت کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کو خاموش کرانے یا قید کرنے کے وسیع تر رجحان کی مثال ہے۔انہوں نے عمر خالد اور شرجیل امام سمیت دیگر افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یو اے پی اے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے مقدمات میں تاحال قبل از مقدمہ حراست میں ہیں۔ حالیہ برسوں میں انڈین حکومت نے شمالی امریکہ میں سکھ برادری کے ارکان کو قتل کرنے اور قتل کی کوششوں کی منصوبہ بندی بھی کی، جسے کمیشن نے بیرون ملک موجود سکھ برادری کو دباؤ میں رکھنے کی کوشش قرار دیا۔

امریکی کمیشن نے اپنی 2026 کی سالانہ رپورٹ میں بھی امریکی محکمہ خارجہ سے سفارش کی تھی کہ انڈیا کو مذہبی آزادی کی ‘منظم، مسلسل اور سنگین’ خلاف ورزیوں کے باعث ‘مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویشناک ملک’ قرار دیا جائے۔یو ایس سی آئی آر ایف امریکی کانگریس کے قائم کردہ ایک آزاد اور دو جماعتی کمیشن کے طور پر بیرونِ ملک مذہبی آزادی کی صورتحال کی نگرانی اور اس حوالے سے صدر، وزیر خارجہ اور کانگریس کو پالیسی کی سفارشات پیش کرتا ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں