شیخ حسینہ واجد کا 16 دسمبر کو بنگلا دیش واپسی کا اعلان، حکومت سے سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ
شیئر کریں
شیخ حسینہ کو بھارت سے حوالگی کے قانونی طریق کار کے تحت ہی واپس لایا جا سکتا ہے، بنگلہ دیشی حکومت کا موقف
بنگلا دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو وطن واپس جانے کا اعلان کرتے ہوئے بنگلا دیشی حکومت سے واپسی کے لیے سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان سید مزمل علی نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو بنگلا دیش واپس جانا چاہتی ہیں اور ان کی واپسی ممکن بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے طیارہ اور سفری دستاویزات فراہم کیے جائیں۔
دوسری جانب بنگلا دیشی حکومت کے حکام نے مقف اختیار کیا کہ شیخ حسینہ کو بھارت سے حوالگی کے قانونی طریق کار کے تحت ہی واپس لایا جا سکتا ہے اور ڈھاکا پہلے ہی نئی دہلی سے ان کی حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں اور گزشتہ برس نومبر میں عدالت نے احتجاجی تحریک کے دوران کارروائیوں سے متعلق مقدمے میں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق احتجاجی تحریک کے دوران تقریبا 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


