امتحانی مرکز پر طالبہ سے پولیس اہلکار کی مبینہ بدسلوکی، تعلیمی حلقوں کا شدید احتجاج، کارروائی کا مطالبہ
شیئر کریں
متعلقہ اہلکار کو فوری معطل کرکے محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے، بصورت دیگر تعلیمی ادارے بند کرکے احتجاج کریں گے، تمام اسکول پرنسپلز
کراچی کے ایک امتحانی مرکز کے باہر امتحان دینے کے لیے آنے والی طالبہ کے ساتھ پولیس اہلکار کی مبینہ بدسلوکی، دھکے دینے اور تشدد کی کوشش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہر کے تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تمام اسکول پرنسپلز نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام اور بورڈ انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور ملوث اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرل ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو طالبہ کے ساتھ نامناسب اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتے، اسے دھکے دیتے اور مارنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ موقع پر موجود دیگر طالبات اور ایک پولیس اہلکار نے مداخلت کرکے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا۔تمام اسکول پرنسپلز کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کے پورے ادارے کے خلاف نہیں بلکہ ایسے غیر ذمہ دار اہلکاروں کے رویے کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
پولیس شہریوں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اور اس ادارے میں فرائض انجام دینے والے اہلکار ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، جن کی خدمات اور قربانیوں کا احترام کیا جاتا ہے، تاہم وردی کے تقدس، شہریوں کی عزت نفس اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے اہلکاروں کی مؤثر تربیت ناگزیر ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکار کو فوری طور پر معطل کرکے اس کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور معطلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
بصورت دیگر کراچی کے تعلیمی ادارے بند کرکے اساتذہ، طلبہ اور طالبات احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔تمام اسکول پرنسپلز نے واضح کیا کہ طالبات کی عزت، تحفظ اور حصولِ تعلیم کے بنیادی حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، متعلقہ حکام واقعے کی فوری تحقیقات کرکے ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی اور طالبہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔


