بل گیٹس کٹہرے میں۔۔مقدمہ، حقیقت اور افسانہ
شیئر کریں
کورونا وبا کو اب سات سال بیت رہے ہیں، وائرس کا کھیل ایک مرتبہ پھر شروع ہو سکتا ہے۔ شاہراہِ انسانیت پرحرص و ہوس کے تازہ دم کتے بھونک رہے ہیں۔خوف کی حکمرانی منظم ہو رہی ہے۔ نئی وبا کا نیا نام ایچ ون این ون ہو سکتا ہے۔ طاقت ور لوگ عالمی اداروں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا جال پھیلاتے جا رہے ہیں۔
دنیا کے طاقت ور لوگوں کے چہروں پر ہمیشہ نقاب نہیں ہوتے ، بعض اوقات ان کی شہرت ہی ایسا پردہ بن جاتی ہے جس کے پیچھے جھانکنے کی جسارت جرم محسوس ہونے لگتی ہے ۔ دولت جب خدمت ِانسانیت کا لباس پہن لے ، اور خدمت جب عالمی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے لگے تو سوال اٹھانا محض صحافتی حق نہیں ، ایک اخلاقی ذمہ داری بن جاتا ہے ۔
نیدرلینڈز کے شہر لیوواردن کی ایک عدالت میں جاری مقدمہ اسی کشمکش کا نیا باب ہے ۔ دنیا کے معروف ارب پتی بل گیٹس، فائزر کے سربراہ البرٹ بورلا، نیدرلینڈز کے سابق وزیراعظم مارک روٹے اور دیگر شخصیات ایک دیوانی مقدمے میں مدعا علیہ ہیں۔ سات ڈچ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ کووڈ ویکسین کے بارے میں انہیں گمراہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے ویکسین لگوائی اور نقصان اٹھایا۔ مدعا علیہان ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔یہ کوئی سازشی نظریہ ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا کی گھڑی ہوئی عدالتی کہانی ۔ مقدمہ موجود ہے ، اس کا نمبر C/17/190788ہے ، اور 22؍اکتوبر 2026کو تین ججوں کے سامنے اس کی طویل سماعت بھی ہوئی۔ لیکن اس حقیقت کے ساتھ دوسری حقیقت بھی اتنی ہی اہم ہے ۔مقدمہ قائم ہونا، جرم ثابت ہونا نہیں۔ یہ دیوانی دعویٰ ہے ، فوجداری مقدمہ نہیں۔ عدالت نے ابھی اصل الزامات پر حتمی فیصلہ نہیں سنایا۔گویا شاہراہ ِانسانیت پر ڈولتے لڑھکتے قدم طاقت کے ہاتھوں سنبھالے جانے کے خدشے سے دوچار ہیں اور احتساب کی حقیقی منزل ابھی دور ہے۔ اسی شاہراہ پر کہیں افتخار عارف کی چاپ بھی سنائی دیتی ہے!
جاہ و جلال، دام و درم اور کتنی دیر؟
ریگِ رواں پہ نقشِ قدم اور کتنی دیر؟
یہاں ایک لمحے کو تاریخ کی طرف پلٹنا ہوگا۔31؍مارچ 2020 کو، جب دنیا خوف اور غیر یقینی کے گرداب میں تھی، انہی صفحات پر ہم نے سوال اٹھایا تھا کہ کورونا محض ایک طبی بحران ہے یا اس کے پردے میں عالمی طاقت، سرمایہ اور ریاستی اختیارات کی نئی ترتیب بھی جنم لے رہی ہے ؟ اس وقت بل گیٹس، عالمی وبائی مشقوں، حیاتیاتی تحقیق اور غیرمعمولی حکومتی اقدامات کے درمیان تعلقات پر بحث کی تھی۔ چھ برس بعد ان سوالات کو نئے شواہد کے سامنے رکھنا ضروری ہے ۔ اس لیے نہیں کہ ہر پرانا خدشہ درست ثابت ہو چکا ہے ، بلکہ اس لیے کہ وقت کسی بھی دعوے کا سب سے بے رحم ممتحن ہوتا ہے ۔اکتوبر 2019میں نیویارک میں Event 201کے نام سے وبائی تیاریوں کی ایک مشق ہوئی تھی، جس کے منتظمین میں جانز ہاپکنز، عالمی اقتصادی فورم اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن شامل تھے ۔ چند ماہ بعد حقیقی وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زمانی قربت یقیناسوال پیدا کرتی تھی،خاکسار نے تب یہ سوال اُٹھایا تھا۔
اصل تحقیق کا کام اسی فاصلے کو دستاویزات سے طے کرنا ہے ، قیاس آرائی سے نہیں۔اب لیوواردن کی عدالت میں واپسی کیجیے ۔16؍اکتوبر 2024 کو عدالت نے بل گیٹس کا یہ اعتراض مسترد کر دیا کہ ڈچ عدالت ان کے خلاف مقدمہ سننے کی مجاز نہیں۔ عدالت نے متعلقہ دعوؤں کے باہمی تعلق کی بنیاد پر اپنے دائرۂ اختیار کو تسلیم کیا۔ اس فیصلے کو بعض حلقوں نے گیٹس کے خلاف بڑی قانونی فتح قرار دیا۔ قانونی اعتبار سے یہ پیش رفت اہم تھی، مگر عدالت نے اس مرحلے پر نہ سازش ثابت کی، نہ ویکسین سے نقصان، نہ گیٹس کی ذاتی ذمہ داری۔ اس نے صرف یہ طے کیا کہ دعویٰ اس عدالت میں سنا جا سکتا ہے ۔اصل سوال اب بھی باقی ہے ۔کیا کسی عالمی صحت پروگرام کی مالی معاونت، ویکسین کے حق میں عوامی بیانات اور بین الاقوامی اداروں میں اثرورسوخ کسی شخص کو مخصوص شہریوں کے نقصان کا قانونی ذمہ دار بناتے ہیں؟اس سوال کا جواب نہ محض دولت سے نفرت میں پوشیدہ ہے ، نہ دولت کی عظمت کے اعتراف میں۔ قانون ثبوت مانگتا ہے ۔کس نے کیا کہا؟ کب کہا؟ اس وقت اس کے پاس کون سی معلومات تھیں؟ کیا بیان غلط یا گمراہ کن تھا؟ کیا کسی شہری نے اس پر انحصار کیا؟ اور کیا اس کے نتیجے میں اسے قابلِ شناخت نقصان پہنچا؟بل گیٹس کے وکلا نے اپنے دفاع میں انہی سوالات کو بنیاد بنایا ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ مدعیان نے گیٹس کے کسی مخصوص غیرقانونی عمل، اپنے انفرادی نقصان اور دونوں کے درمیان سببی تعلق کو ثابت نہیں کیا۔ دوسری جانب مدعیان کا دعویٰ ہے کہ ویکسین کے متعلق گمراہ کن عالمی بیانیے کی تشکیل میں مختلف مدعا علیہان نے مشترکہ کردار ادا کیا۔یہیں اس مقدمے کا سب سے نازک مقام ہے ۔
ایک عالمی بیانیے کے وجود کو ثابت کرنا اور اس بیانیے کو دانستہ دھوکے کی مشترکہ سازش ثابت کرنا دو مختلف قانونی منزلیں ہیں۔البرٹ بورلا کا معاملہ نسبتاًمختلف ہے ۔ وہ اس دوا ساز کمپنی کے سربراہ ہیں جس نے بائیواین ٹیک کے ساتھ مل کر کووڈ ویکسین تیار اور فروخت کی۔ ان کے بارے میں بنیادی سوالات کمپنی کے کلینیکل ٹرائلز، حفاظتی معلومات، عوامی اعلانات اور مضر اثرات کی نگرانی سے متعلق ہیں۔ کمپنی کے پاس کس وقت کیا معلومات تھیں؟ کیا تمام اہم خطرات بروقت ظاہر کیے گئے ؟ کیا عوامی یقین دہانیوں میں سائنسی غیر یقینی کو مناسب جگہ ملی؟ان سوالات کی اہمیت اس حقیقت سے بڑھ جاتی ہے کہ بعض کووڈ ویکسینوں کے نایاب مگر سنگین مضر اثرات، مثلاً دل کی سوزش اور خون جمنے کی مخصوص پیچیدگیاں، بعد کی سائنسی تحقیقات میں تسلیم کیے گئے ۔ ابھی ان نقصانات کا وجود تمام ویکسینوں کو یکساں طور پر نقصان دہ یا کسی منظم حیاتیاتی سازش کے طور ہر تسلیم نہیں کیا گیا۔دوسری طرف ویکسین سے مجموعی فائدے کے شواہد کا بھی دعویٰ موجود ہے، مگر یہ دعوے بھی اُن ہی سائنسی ذرائع سے کیے گئے جسے کووڈ کے وبائی مرض کے طور پر ظاہر کرنے پر مشکوک سمجھا گیا۔
یہاں ایک اور سوال پوری وبائی داستان کی بنیادوں تک پہنچتا ہے ۔مرض کی تشخیص کس بنیاد پر ہوئی؟ کسی شخص کے نمونے میں وائرس کا جینیاتی مادہ ملنا، اس کا علامات کے ساتھ بیمار ہونا اور اس کا دوسروں کو متعدی بنانا کیا ایک ہی حقیقت کے مختلف نام ہیں؟ ظاہر ہے نہیں۔ پی سی آرٹیسٹ کی حساسیت، نمونے کا معیار، بیماری کے پھیلاؤ کی شرح اور نتیجے کی طبی تعبیر الگ الگ اہمیت رکھتے ہیں۔ مثبت ٹیسٹ، علامتی بیماری، ہسپتال میں داخلے اور موت کے اعدادوشمار کو ایک دوسرے کا مترادف سمجھ لینا سائنسی غلطی ہوگی۔ابھی یہ دعویٰ نہیں کیا جا رہا کہ وبا غیرحقیقی تھی یا تمام ٹیسٹ ناقابلِ اعتماد تھے ۔ مطلب صرف اتنا ہے کہ جس بنیاد پر اجتماعی فیصلے کیے گئے ، اس بنیاد کو بھی علمی جانچ سے استثنا حاصل نہیں ہونا چاہیے ۔اور پھر سوال صرف ویکسین کا نہیں رہتا۔ ریاستی اختیار، شہری رضامندی، روزگار، نقل و حرکت، معاشی تباہی اور معلومات تک رسائی بھی اس بحث کا حصہ بن جاتے ہیں۔ مارک روٹے اور ڈچ ریاست کے خلاف الزامات اسی وسیع پس منظر میں دیکھے جانے چاہئیں۔
22 اکتوبر کی سماعت میں مدعیان کو اپنی تکالیف بیان کرنے کا موقع ملا۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق اصل سات مدعیان میں سے دو سماعت سے پہلے وفات پا چکے تھے ۔ انسانی دکھ عدالت کی دہلیز پر محض اعدادوشمار نہیں رہتا۔ لیکن دکھ کی سچائی اور اس کے مخصوص سبب کا ثبوت بھی الگ سوالات ہیں۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ نہ متاثرہ شخص کو سنے بغیر رد کیا جائے ، نہ اس کے بیان سے کسی دوسرے شخص کی ذمہ داری خودبخود اخذ کر لی جائے ۔عدالتی فیصلہ 9؍دسمبر 2026سے فروری 2027کے آخر تک آنے کی توقع ہے ۔ ممکن ہے مزید شہادت کی ضرورت پیش آئے ۔ فی الحال عدالتی فیصلہ نہیں، عدالتی سوالات ہمارے سامنے ہیں۔
اس مقدمے کا ایک پہلو بل گیٹس سے بھی بڑا ہے ۔ جدید دنیا میں صحت کی پالیسیاں کون بناتا ہے؟ منتخب حکومتیں، غیرمنتخب بین الاقوامی ادارے ، نجی سرمایہ فراہم کرنے والی فاؤنڈیشنیں یا ادویات کی صنعت؟ ان کے درمیان اثرورسوخ، مالی مفادات اور جواب دہی کی حدود کہاں قائم ہوتی ہیں؟نجی فلاحی سرمایہ کاری بذاتِ خود جرم نہیں۔ مگر جب نجی وسائل عوامی فیصلوں پر اثرانداز ہوں تو شفافیت اور جواب دہی کے سوال ناگزیر ہو جاتے ہیں۔چھ برس پہلے اٹھائے گئے سوالات کو اب چھ برس کے تجربات، دستاویزات اور عدالتی کارروائی کی روشنی میں دوبارہ پڑھنے کا وقت ہے ۔حقیقت ابھی پردے میں ہے ، تاریخ کے کٹہرے میں صرف بل گیٹس نہیں کھڑے ۔ وہاں حکومتیں بھی ہیں، دوا ساز ادارے بھی، عالمی صحت کے نگران بھی، اختلافی آوازیں بھی اور خود صحافت بھی۔ہمیں کسی کے چہرے سے نقاب نوچنے کی عجلت نہیں، ہمیں وہ روشنی درکار ہے جس میں نقاب اور چہرے کا فرق خود نمایاں ہو جائے ۔پرانے وائرس کی حقیقت سمجھنا اس لیے بھی ضروری ہو گیا ہے کیونکہ اب نئے وائرس کا کھیل شروع ہو گیا ہے۔
٭٭٭
پس تحریر: راقم السطور نے 31؍مارچ سے 25 ؍اپریل 2020تک روزنامہ جرأت کے ان ہی صفحات پر اپنی 26مسلسل تحریروں میں اس وبا کی حقیقت اور افسانے کا جائزہ لیا تھا، اس ضمن میں نئے مباحث کو اس لیے موضوع بنایا جا رہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر عالمی طبی حلقوں میں نئے وائر س کے خطرے پرخاموشی سے گفتگو شروع ہو گئی ہے۔


