میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیوزی لینڈ کے انتخابات اور اتحادی سیاست

نیوزی لینڈ کے انتخابات اور اتحادی سیاست

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۲ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

جنوبی بحرالکاہل کے خطے کا نیوزی لینڈ ایک ایسا ملک ہے جہاں جمہوری روایات ،قانون کی حکمرانی اور سیاسی اِداروں کے استحکام میں کبھی کمزوری نہیں آئی مگررواں ماہ سات نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج سے ایک نئی قسم کی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ حکمران جماعت نیشنل پارٹی اگر واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی تو حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت لیبر پارٹی بھی تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہی۔

مزید دلچسپ پہلویہ ہے کہ دونوں دونوں بڑی جماعتوں کے حاصل کردہ ووٹوں میں معمولی سا فرق ہے۔ اسی بناپر چھوٹی جماعتوں کی اہمیت زیادہ ہو گئی ہے ،اب سوال یہ ہے کہ کیا ایک بارپھر نیوزی لینڈ میں ایک مستحکم اتحادی حکومت بنے گی یا انتخابی نتائج ملک کو طویل سیاسی مذاکرات اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیں گے ؟ اِس کا جواب دینے کے لیے ماضی کی سیاست کاجائزہ لینا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کواُس کا محلِ وقوع اُسے دوسرے ممالک سے منفرد بناتا ہے ، یہ آسٹریلیا کے جنوب مشرق میں بحرالکاہل میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے۔ اِس کے دوبڑے جزائر شمالی جزیرہ اور جنوبی جزیرہ ہیں اوربھی متعدد چھوٹے جزائر ہیں جو اِس کی جغرافیائی حدود کا حصہ ہیں، اِس ملک کا رقبہ دولاکھ اڑسٹھ ہزار مربع کلو میڑ جبکہ آبادی 54 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے ۔اِس کا دارالحکومت ویلنگٹن ہے ۔ملک کا سب سے بڑاشہر آکلینڈ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے ،جبکہ دوسرکاری زبانیں انگریزی اور ماؤری ہیں۔ یہ ملک خوبصورت پہاڑوں ،سرسبز میدانوں ،جھیلوں،ساحلی علاقوں اور قدرتی وسائل کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد شہرت رکھتا ہے ۔

سیاسی اعتبار سے نیوزی لینڈ میں آئینی بادشاہت ہے ،برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم بظاہر ریاست کے سربراہ ہیں، مگر عملی اختیارات وزیرِ اعظم اور منتخب حکومت کے پاس ہیں۔ ملک کا جوپارلیمانی نظام ہے وہ مخلوط متناسب نمائندگی (MMP)پر مشتمل ہے ۔اِس کے تحت ہی عوام نہ صرف سیاسی جماعت کے ساتھ اپنے انتخابی حلقے کے امیدوار کو بھی ووٹ دیتے ہیں۔ یہی نظام ہی کسی ایک جماعت کو مکمل اکثریت حاصل کرنے میں بڑی رکاوٹ ہے اور اکثر اتحادی حکومتیں تشکیل دینا مجبوری بن جاتی ہیں۔

حالیہ عام انتخابات میں حکمران نیشنل پارٹی کی قیادت وزیرِ اعظم کرسٹوفرلکسن نے کی جن کے پاس سیاست میں آنے سے پہلے ایئر نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹوکامنصب رہا ہے۔ انھوں نے اپنی جماعت کی انتخابی مُہم میں معاشی نظم وضبط ،کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور سرکاری اخراجات پر قابوپانے جیسے کارناموں کاتذکرہ کیا جبکہ حریف لیبر پارٹی کے رہنما کرس ہپکنزنے عوامی مسائل کو ترجیح دی۔ مہنگائی،صحت ِ عامہ،روزگاراور رہائش جیسے مسائل کو انتخابی سیاست کا محوربنائے رکھا۔ دونوں نے عوام کا دل جیتنے کی پوری کوشش کی مگر اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔ نیشنل پارٹی نے 29.21فیصد ووٹوں کے ساتھ 42 جبکہ 29.36فیصد ووٹ لیکرلیبرپارٹی نے 36نشستیں لے لیں۔ گرین پارٹی16،ایکٹ پارٹی13، نیوزی لینڈ فرسٹ کو12 ،اورایک نئی سیاسی جماعت اپرچیونٹی 5.96فیصد ووٹ لیکرسات نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ اپرچیونٹی پارٹی کی قیادت ایک کاروباری شخصیت کیولے وونگ کررہی ہیں ۔علاوہ ازیں ماؤری جماعت بھی پانچ نشستیں لے گئی ہے۔ نتائج کا جو سب سے اہم پہلو ہے وہ یہ ہے کہ وزیرِ اعظم کرسٹو فرلکسن کی نیشنل پارٹی،ڈیوڈ سیمورکی ایکٹ پارٹی اور ونسٹن پیٹرز کی نیوزی لینڈ فرسٹ پر مشتمل اتحاد کو ابتدائی نتائج کے مطابق 67نشستیں حاصل ہوئیں جبکہ 131رُکنی پارلیمنٹ میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت 66نشستیں ضروری ہیں۔ اِس طرح بظاہر حکومتی اتحاد کو ایک نشست کی برتری حاصل ہوئی لیکن یہاں ایک اور اہم پہلو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے، وہ یہ ہے کہ ابھی چار لاکھ کے لگ بھگ ووٹوں کی گنتی ہوناباقی ہے ۔یہ وہ ووٹ ہے جو یا تو بیرون ِ ملک مقیم شہریوں نے ڈالے یا پھر انتخابی حلقوں سے باہر ووٹ ڈالنے والوں کے ہیں۔ اسی بناپر خیال کیا جارہا ہے کہ اِن ووٹوں کی وجہ سے جماعتوں کی حاصل کردہ نشستوں کی تعدا د بدل سکتی ہے ،جس کی وجہ سے حکومت سازی کی صورتِ حال تبدیل ہونے کااِمکان موجودہے ۔

نیوزی لینڈ کی معیشت ترقی یافتہ ہے۔ اِس کا انحصار زراعت،ڈیری مصنوعات،گوشت،جنگلات،سیاحت،تعلیم اور خدمات کے شعبوں پر ہے یہ دنیابھرمیں دودھ،مکھن،پنیراور گوشت کی برآمدات میں شہرت رکھتا ہے۔ چین،آسٹریلیا اور دیگر ایشیائی ملک اِس کے اہم تجارتی شراکت دار ہیں۔ ملکی آمدنی میں سیاحت اور روزگارکا اہم حصہ ہے۔ لیکن گزشتہ چند برسوں میں نیوزی لینڈ کی معیشت مشکلات کا شکار رہی، نہ صرف معاشی ترقی کی رفتارمیں کمی آئی بلکہ گھروں کی قیمتوں اور رہائشی اخراجات نے بھی عام شہریوں کومتاثر کیا۔ بے روزگاری میں اضافہ بھی بڑے مسائل میں شامل ہے۔ یہی وہ مسائل ہیں جنھوں نے انتخابی مُہم میں ووٹروں کو بڑی جماعتوں سے ہٹ کر چھوٹی جماعتوں کی طرف متوجہ کیا۔ اب ایکٹ پارٹی کے ڈیوڈسیموراور نیوزی لینڈ فرسٹ کے سربراہ ونسٹن پیٹرز کا کردار اہم ہوگیا ہے۔ دونوں جماعتیں حکومت کا حصہ رہنے کے باوجود الگ سیاسی ترجیحات رکھتی ہیں ۔ایکٹ پارٹی سرکاری اخراجات میں کمی اور سخت معاشی پالیسیوں کی حامی ہے مگر نیوزی لینڈ فرسٹ کا قومی معاملات پر سخت موقف ہے جس سے حکومت سازی کے امکانات پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔

تمام تر مسائل کے باوجودنیوزی لینڈ میں سیاسی عدمِ استحکام کاخدشہ کم ہے، یہاں مخلوط حکومتیں جمہوری نظام کا حصہ ہیں۔ حکومت سازی کے لیے مذاکرات،مشترکہ پروگرام اور تحریری معاہدے مستحکم پارلیمانی روایت ہیں ۔اب بھی حکومت کی تشکیل میں جتنا وقت لگے گا تب تک موجودہ حکومت نگران کی حیثیت سے انتظامی امورسرانجام دیتی رہے گی۔ نیوزی لینڈکے حالیہ انتخابات میں عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ بڑی جماعتوں کی کارکردگی سے بیزارہے ۔اِس لیے متبادل سیاسی قوتوں کو معاشی مسائل کے حل کے لیے ترجیح دینے لگے ہیں ۔نیشنل پارٹی اورلیبر پارٹی کا تیس فیصدسے کم ووٹ حاصل کرنا سوچ کی تبدیلی ہی ہے ۔

نیوزی لینڈ میں انتخابات ہو چکے ۔اب نتائج کی روشنی میں ایک قابل حکومت تشکیل دینا اہم امتحان ہے۔ اگر 27 نومبر کے حتمی نتائج میں حکومتی اتحاد اکثریت سے محروم ہوجاتا ہے تو نئے سیاسی معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔ مگر مضبوط جمہوری اِداروں ،آزاد انتخابی نظام اور اتحادی سیاست کی روایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ کہہ سکتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کسی آئینی بحران سے نہیں بلکہ ایک مشکل جمہوری مرحلے کی روش پرگامزن ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں