سندھ بلڈنگ، ضلع کورنگی میں تعمیراتی بے ضابطگیاں ، نگرانی پر سوالیہ نشان
شیئر کریں
ماڈل کالونی شیٹ نمبر 5، پلاٹ 91،92 رہائشی پلاٹ پر قائم دکانیں ، کمرشل یونٹس تعمیر
بلڈنگ انسپکٹر کاشف اور عمران رمضان آرائیں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ، مکین ناراض
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع کورنگی کے علاقے ماڈل کالونی شیٹ نمبر 5 میں مشترکہ پلاٹوں 91 اور 92 رہائشی پلاٹ پر قائم دکانوں اور 3 منزلہ کمرشل یونٹس پر مشتمل پرانی عمارت پر مبینہ طور پر چوتھی منزل کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔ جس پر علاقہ مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔مکینوں کے مطابق اضافی تعمیرات سے علاقے کے پانی، سیوریج، بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پلاٹوں کے تعمیراتی اجازت ناموں، منظور شدہ نقشوں اور اضافی منزلوں کی قانونی منظوری کی فوری جانچ کی جائے اور موقع پر ہونے والی تعمیرات کا ریکارڈ سے تقابلی جائزہ لیا جائے ۔ علاقہ مکینوں نے تعمیراتی نگرانی کے حوالے سے شکایات کا اظہار کرتے ہوئے بلڈنگ انسپکٹر کاشف اور عمران رمضان آرائیں کے کردار کی بھی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ریکارڈ اور تعمیراتی اجازتوں کی غیرجانبدارانہ جانچ سے صورتحال واضح ہوسکتی ہے۔ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری، موقع کا معائنہ اور تعمیراتی دستاویزات کی جانچ کرائی جائے ، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔متعلقہ افسران کا مؤقف خبر کی اشاعت تک سامنے نہیں آسکا، موقف موصول ہونے پر شامل اشاعت کیا جائے گا ۔


