میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کی تعداد 169 ہوگئی

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کی تعداد 169 ہوگئی

جرات ڈیسک
هفته, ۲۶ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

142 بچوں کی میڈیکل بورڈ میں رجسٹریشن، 109 کے بینک اکاؤنٹس کھول دیے گئے، 34 خاندان مالی امداد کے منتظر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 169 ہوگئی، جن میں سے 142 متاثرین کی میڈیکل بورڈ میں رجسٹریشن ہوچکی ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ بچوں کی رجسٹریشن، مالی معاونت اور دیگر معاملات کے لیے اب تک 5 میڈیکل بورڈ تشکیل دیے جاچکے ہیں۔ متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے 109 متاثرین کے بینک اکاؤنٹس بھی کھولے جاچکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت 76 متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور انہیں 2 ماہ کی رقم منتقل کی جاچکی ہے، تاہم مزید 34 متاثرہ خاندان تاحال مالی معاونت کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم کی منتقلی میں نامکمل دستاویزات اور بے نظیر کارڈ سے متعلق مسائل رکاوٹ بن رہے ہیں، جس کے باعث مالی معاونت کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

ولیکا اسپتال میں بچوں کے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے سامنے آرہا ہے۔ ابتدائی طور پر سرکاری سطح پر متاثرہ بچوں کی تعداد 78 بتائی گئی تھی، تاہم مزید بچوں کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کے بعد متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق اب تک ایچ آئی وی سے متاثرہ 9 بچوں کی اموات کی تصدیق ہوچکی ہے، تاہم اسپتال کے ریکارڈ میں صرف 2 اموات درج ہیں، جس کے باعث اموات کے اعداد و شمار میں فرق موجود ہے۔

جاں بحق بچوں کے خاندانوں کو تاحال انڈومنٹ فنڈ سے مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ ذرائع نے کہا کہ جاں بحق متاثرین کے خاندانوں کو مالی امداد دینے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں زیر غور آنے کا امکان ہے، جس میں امدادی رقم اور طریقہ کار سے متعلق فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

معاملے کی تحقیقات کے لیے مختلف سطحوں پر انکوائریاں بھی شروع کی گئی تھیں جبکہ متاثرہ بچوں کے علاج، ادویات، ٹیسٹ، تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا۔

انتظامی سطح پر متعدد ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جبکہ ڈاکٹرز، ڈسپنسر اور نرسنگ اسٹاف کے خلاف معطلی سمیت مختلف کارروائیاں بھی کی گئیں۔

حکام کی جانب سے متاثرہ بچوں کو علاج، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، تاہم 169 بچوں کے متاثر ہونے اور 9 اموات کی تصدیق کے بعد متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن، مالی معاونت اور اموات کے ریکارڈ میں موجود فرق تاحال اہم معاملات ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں