کراچی میں انفلوئنزا کے کیسز میں 20 فیصد اضافہ، کورونا بھی برقرار
شیئر کریں
رواں سال انفلوئنزا ویکسین تاحال دستیاب نہ ہونے سے شہری پریشان، کورونا کے ہفتہ وار 3 سے 4 کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں انفلوئنزا کے کیسز میں 20 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا ہے، جبکہ شہر میں کورونا کے کیسز بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرِ امراضِ تنفس ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کراچی میں انفلوئنزا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سرکاری و نجی اسپتالوں میں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسپتالوں میں انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاتی ہے تاہم رواں سال تاحال ویکسین دستیاب نہیں ہوسکی، جس کے باعث ہر سال باقاعدگی سے ویکسین لگوانے والے افراد اس کے منتظر ہیں۔
ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق کراچی میں کورونا کے کیسز بھی مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں اور ہر ہفتے تقریباً 3 سے 4 کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ تاہم موجودہ کورونا کیسز زیادہ تر ہلکی نوعیت کے ہیں اور مریض عموماً ہلکے نمونیا کی علامات کے ساتھ اسپتال پہنچتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے بیشتر مریض 2 سے 3 روز میں صحت یاب ہو جاتے ہیں اور اس وقت شہر میں کورونا کی شدت ماضی کے مقابلے میں زیادہ نہیں ہے۔
ماہرِ امراضِ تنفس نے شہریوں کو انفلوئنزا اور کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بخار، کھانسی یا نزلہ زکام کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں دوسروں سے فاصلہ رکھا جائے اور بیماری کی علامات کے دوران ماسک کا استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ہاتھ باقاعدگی سے صابن سے دھوئیں، غیر ضروری طور پر آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں جبکہ بیمار افراد ہجوم اور غیر ضروری اجتماعات میں جانے سے اجتناب کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکے۔


