گھی، دودھ ،کوکنگ آئل کے 36 فیصد نمونے غیرمعیاری نکلے
شیئر کریں
ملک بھر میں491 نمونوں میں سے 176 ٹیسٹ غیرمعیاری پائے گئے
بناسپتی گھی کے 98 جبکہ مکسڈ کوکنگ آئل کے 40 ناقص ہونے کا انکشاف
ملک بھر میں گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے 36 فیصد نمونوں کے غیرمعیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ان اشیاء کے نمونے صحت کے معیار پر پورے نہیں اترے۔ میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی نے بتایا کہ گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے 491 نمونوں میں سے 176 ٹیسٹ غیرمعیاری پائے گئے۔اسی طرح 204 بناسپتی گھی کے نمونوں میں سے 98 غیرمعیاری پائے گئے جبکہ 146 مکسڈ کوکنگ آئل کے نمونوں میں سے 40 ناقص نکلے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے بازار میں دستیاب پیک شدہ گھی اور آئل مصنوعات کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کے استعمال کے باعث نوجوانوں میں دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کا سروے کروانے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں، علاقائی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری حکام کو غیر معیاری اشیا کی چیکنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کی گئی۔


