میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پانچ اگست کا پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ، سہیل آفریدی

پانچ اگست کا پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ، سہیل آفریدی

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، جلسے کا مقام موٹروے کے قریب منتقل

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ، پشاور میں پارلیمانی اجلاس سے خطاب

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5 اگست کا جلسہ جماعت کے لیے فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور تمام پارلیمانی اراکین کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

پشاور میں پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی سہولت اور زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے 5 اگست کے جلسے کا مقام تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب ایک وسیع کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر 2025 سے اب تک حکومت نے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے اور افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم ان کوششوں کا مثبت جواب نہیں ملا، جس کے باعث اب آئینی اور جمہوری انداز میں عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا، کیونکہ بطور وزیراعلیٰ اپنی جماعت کے قائد سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے اہم فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا تھا، اس لیے ان کے مینڈیٹ کو نظرانداز کرنا صوبے کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی منتخب حکومت کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے اور صوبے کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے اہل خانہ، بہنوں اور ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقات کی مکمل سہولت فراہم کی جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ تمام حقائق قوم کے سامنے آ سکیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام تر سیاسی اور قانونی کوششوں کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اس لیے اب پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ رہ گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں