میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایس بی سی اے کی کارروائیاں، ڈیمولیشن نوٹس کے بعد توڑ جوڑ

ایس بی سی اے کی کارروائیاں، ڈیمولیشن نوٹس کے بعد توڑ جوڑ

جرات ڈیسک
جمعه, ۱۰ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

لطیف آباد یونٹ نمبر 11میں کارروائیوں پر شہریوں کے شدید تحفظات ، تحقیقات کا مطالبہ

انسپکٹر شہاب زرداری ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب خانزادہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگزیب رضی ملوث

 

حیدرآباد میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائیوں پر نئے سوالات سامنے آنے کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں نے ادارے کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

مختلف علاقوں سے جاری کیے گئے ڈیمولیشن نوٹس، تصاویر اور دیگر دستاویزات کے تناظر میں مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ قانون کا اطلاق بلاامتیاز اور یکساں انداز میں یقینی بنایا جائے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض تعمیرات کے خلاف فوری ڈیمولیشن نوٹس جاری کیے جاتے ہیں، تاہم بعد ازاں انہی نوٹسز پر عملدرآمد نہ ہونے سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ کارروائیوں میں شفافیت اور یکسانیت برقرار نہیں رکھی جا رہی۔

لطیف آباد یونٹ نمبر 11کے حوالے سے بھی شہریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انسپکٹر شہاب الدین زرداری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب خانزادہ کی نگرانی میں بعض غیر قانونی تعمیرات کو ڈیمولیشن نوٹس جاری ہونے کے بعد متعلقہ افراد سے مبینہ طور پر توڑ جوڑ شروع ہو جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہلے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں اور بعد ازاں مختلف وجوہات کی بنا پر انہی نوٹسز پر عملدرآمد روک دیا جاتا ہے ۔ ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگزیب رضی کی نگرانی میں ہونے والی کارروائیوں پر بھی مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قانون سب کے لیے برابر ہے تو کارروائیاں بھی ہر جگہ ایک ہی معیار کے مطابق ہونی چاہئیں اور کسی بھی قسم کے امتیازی تاثر کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔

عوامی حلقوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نئے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم دیں، تمام ڈیمولیشن نوٹس، منظور شدہ نقشوں، غیر قانونی تعمیرات اور عملدرآمد کے ریکارڈ کا مکمل آڈٹ کرائیں، اور اگر کسی بھی سطح پر بے ضابطگی، اختیارات کے ناجائز استعمال یا قانون پر غیر مساوی عملدرآمد ثابت ہو تو ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے ڈائریکٹر جنرل ادارے میں شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے تاکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں پر اٹھنے والے تمام سوالات کا غیر جانبدارانہ اور قابلِ اعتماد جواب سامنے آ سکے۔

نمائندہ جرأت


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں