آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
مفتی محمد وقاص رفیعؔ
کتے کا کپڑوں کو سونگھنا
سوال: حضرت پوچھنا یہ تھا کہ کتا کپڑوں کو سونگھ جائے تو اِ س سے کیا کپڑے پلید ہوجاتے ہیں؟
جواب: کتے کے کپڑوں کو سونگھنے سے کپڑے پلید نہیں ہوتے ۔
تین سال کے بعد ماں کا دودھ پینے کا حکم
سوال: مسئلہ یہ پوچھنا تھا کہ کسی نے پوچھا ہے کہ اُس کا بچہ بیمار ہے اور معذور ہے ابھی اُس کی عمر تین سال سے اوپر بھی ہوگئی ہے اور اُس کو والدہ کا دودھ پلانا ضروری ہے اُس کے بغیر گزارہ نہیں ہے تو آیا جب مدت پوری ہوجائے رضاعت کی تو اُس کے بعد بھی ماں کا دودھ کسی عذر کی وجہ سے بچہ پی سکتا ہے؟ اِس کی وضاحت فرمادیں! سائل: مفتی نوید قمر (اوگی مانسہرہ)
جواب: صاحبین (امام ابو یوسف اور امام محمد رحمہما اللہ )کے نزدیک مدتِ رضاعت (ماں کا دودھ پینے کی مدت) دو سال تک ہے اور اسی پر فتویٰ ہے اور اگر کسی عذر و مجبوری کی بناء پر دو سال سے زائد دودھ پلانا پڑ جائے تو امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے قول پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اڑھائی سال دودھ پلایا جاسکتا ہے، اُس کے بعد دودھ پلانا جائز نہیں،لہٰذااب آپ اُس کا کوئی جائزمتبادل حل تلاش فرمائیں۔
ناپاک پانی فلٹر کرکے عبادات ادا کرنے کا حکم
سوال: مفتی صاحب آپ سے یہ مسئلہ پوچھنا ہے کہ آج کمپنی میں کچھ کام چل رہا تھا پانی کے پائپ لائن کا، تو کچھ سائیڈز سے اُنہوں نے گندا پانی فلٹر کرکے وہ واش روم وغیرہ میں اِدھر اُدھر چھوڑا تاکہ لوگ اُس سے استنجا وغیرہ کرتے رہیں تو غلطی سے مسجد میں بھی وہ لائن کھول دی ، تو لوگوں نے وضوء کیا نماز پڑھی تو کیا اُس پانی سے لوگوں کی نماز ہوگئی ہے یا نہیں اور ابھی کیا اُن لوگوں کو غسل کرنا ضروری ہوگا؟ سائل: ناصر اسلم (دبئی)
جواب: ناپاک پانی فلٹر کرنے سے پاک نہیں ہوسکتا لہٰذا اُس سے جو عبادات (طہارت، وضو اور نماز وغیرہ) ادا کی گئی ہیں اُن کا لوٹانا ضروری ہے البتہ اِس سے غسل لازم نہیں آتا۔
بالٹی کے ناپاک پانی میں نل کھولنے سے اُس پانی کا حکم کیا ہوگا؟
سوال: مفتی صاحب ہمارے ایک بھائی بابر صاحب اُنہوں نے بتایا کہ نہاتے وقت اگر زمین سے چھینٹے اُٹھ کر بالٹی کے اندر جاپڑیں تو اُس کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ نل کھول دیا جائے اور پالٹی سے پانی نیچے گرتا رہے گا تو اُس سے پانی پاک ہوجاتا ہے۔ تو کیا واقعی اِس طرح کرنے سے بالٹی کا پانی پاک ہوجاتا ہے؟ سائل: ناصر اسلم (دبئی)
جواب: ناپاک پانی تو دوبارہ پاک نہیں ہوسکتا البتہ اِس طرح کرنے سے جب بالٹی میں پہلے سے موجود ناپاک پانی کے نکل گیا تو اب اوپر سے آنے والا پانی جاری پانی کے حکم میں ہوکر بالٹی کو پاک کردے گا اور اُس میں پاک ہوکررہے گا۔
گھر میں بلی پالنے اور اُس کے ساتھ ٹچ ہوجانے کا حکم
سوال: مفتی صاحب پوچھنا تھا کہ جو بلی گھر میں رکھتے ہیں اِس کو رکھنے سے یا اُس کے نماز وغیرہ میں ساتھ ٹچ ہوجانے سے کپڑے ناپاک تو نہیں ہوتے اور اُس سے نماز خراب تو نہیں ہوتی؟ سائل: احمد طلال (واہ کینٹ)
جواب: بلی گھر میں رکھنا جائز ہے اُس کے ساتھ ٹچ ہوجانے سے سے نہ کپڑے ناپاک ہوتے ہیں اور نہ ہی نماز میں کوئی فرق پڑتا ہے۔بہ شرطے کہ اُس کا بدن گیلا اور ناپاک نہ ہو ۔
آئینہ کے سامنے نماز پڑھنے کا حکم
سوال: مفتی صاحب یہ ایک مسئلہ پوچھنا تھا کہ شیشے (آئینے) کے سامنے نماز ہوجاتی ہے یعنی یہ کہ سامنے شیشہ (آئینہ) ہو اور اُس میں انسان کی شکل نظر آرہی ہو تو اُس کے سامنے کھڑے ہوکر نماز پڑھنے سے نماز ادا ہوجاتی ہے یا نہیں؟ سائل: محمد زوہیب(کوہاٹ)
جواب: آئینہ کے سامنے نماز پڑھنا جائز ہے کیوں کہ اُس میں موجود انسان کا عکس تصویر کے حکم میں نہیں آتا البتہ اگر خشوع و خضوع میں خلل پیدا ہوتا ہو تو آئینہ کے سامنے کھڑے ہوکر نماز پڑھنا مکروہ ہے، بہتر ہے کہ ایسی صورت میں آئینہ پر کوئی کپڑا وغیرہ ڈال دیا جائے۔
امام مسجد کا مسجد کی بجلی اپنے گھر کے لیے استعمال کرنے کا حکم
سوال: کیا امام مسجد مسجد کی بجلی اپنے گھر کے لیے استعمال کر سکتا ہے؟سائل: صلاح الدین (ممبئی انڈیا)
جواب: مسجد کا امام مسجد کی بجلی اپنے گھر کے لیے استعمال کرسکتا ہے، کیوں کہ مسجد کا چندہ مسجد اوراس کے متعلقات ہی میں صرف کرنے کا حکم ہے،اور امامت بھی متعلقاتِ مسجد میں سے ہے؛لہٰذا امامِ مسجد کے لیے بھی مسجد کی بجلی وغیرہ کا اپنے گھر کے لیے استعمال کرنا جائز ہے۔


