میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
این آئی سی وی ڈی، عدالتی مقدمات اور قانونی اخراجات پر سنگین سوالات

این آئی سی وی ڈی، عدالتی مقدمات اور قانونی اخراجات پر سنگین سوالات

جرات ڈیسک
پیر, ۶ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

تین برسوں میں ادارے کے خلاف22عدالتی مقدمات دائر کیے جا چکے ہیں

عدالتی مقدمات کی بڑھتی تعداد ادارے کی انتظامی کارکردگی، فیصلہ سازی متاثر

 

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)کے خلاف عدالتی مقدمات میں مسلسل اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جنہیں انتظامی نااہلی سے جوڑا جا رہا ہے۔

اس صورتحال پر مختلف حلقوں نے سندھ حکومت سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران این آئی سی وی ڈی کے خلاف تقریباً 22سے 25 عدالتی مقدمات دائر کیے جا چکے ہیں،

جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مزید دو آئینی درخواستیں بھی ادارے کے خلاف عدالت میں دائر کی گئی ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ عدالتی مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد ادارے کی انتظامی کارکردگی، فیصلہ سازی اور گورننس پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر رہی ہے۔

ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ ان مقدمات کی پیروی کے لیے ایک نجی لاء فرم کو تقریباً 2سے 2.5کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ یہ قانونی اخراجات مبینہ طور پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی انتظامی پالیسیوں اور فیصلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے قانونی تنازعات کے باعث برداشت کیے گئے۔

تاہم، ان دعوؤں کے حوالے سے این آئی سی وی ڈی یا متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اخراجات واقعی عوامی خزانے سے کیے گئے ہیں تو ان کی آزادانہ مالی اور انتظامی جانچ ناگزیر ہے، تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا یہ اخراجات ناگزیر تھے یا انتظامی کمزوریوں کا نتیجہ۔

مختلف حلقوں نے سندھ حکومت اور محکمہئ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ این آئی سی وی ڈی کے انتظامی امور، قانونی حکمتِ عملی، عدالتی مقدمات اور ان پر ہونے والے اخراجات کا شفاف اور غیرجانبدارانہ آڈٹ کرایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسی تحقیقات نہ صرف حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ مستقبل میں عوامی وسائل کے شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
نمائندہ جرات


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں