پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ‘ الیکشن کمیشن
شیئر کریں
آئندہ عام انتخابات تک ووٹرز کی تعداد 10کروڑ سے تجاوزکرنے کا امکان ہے
اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 6 ماہ بعد قومی ووٹر لسٹوں کا نیا ڈیٹا جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ،خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ24لاکھ سے زائد ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چھ ماہ بعد قومی ووٹرلسٹوں کا نیا ڈیٹا جاری کردیا جس کے بعد پاکستان میں کل ووٹرز9کروڑ 70 لاکھ 21ہزار340ہوگئے، مرد ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ 45 لاکھ 97ہزار تک پہنچ گئی، خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 24 لاکھ سے زائد ہے، مرد اور خواتین ووٹرزمیں فرق تاحال ختم نہیںہوسکا، جبکہ ووٹرزفہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز میں فرق 12فیصد ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے کل ووٹرز 5کروڑ58لاکھ 20ہزار، سندھ کے کل ووٹرز کی تعداد 2کروڑ 6لاکھ 44ہزار سے زائد ہے خیبرپختونخوا کے ووٹرز کی تعداد 1کروڑ 40 لاکھ 16ہزار، بلوچستان کے کل ووٹرز کی تعداد 37لاکھ 2 ہزار سے زائد، فاٹا کے کل ووٹرز 21لاکھ اوروفاقی دارالحکومت کے ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 94ہزار ہے الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں مرد ،خواتین ووٹرز میں فرق 12، سندھ میں 10، خیبر پختوانخواہ میں 14فیصد ہے، بلوچستان میں مرد اورخواتین ووٹرز میں فرق 16، فاٹا میں 24اوراسلام آباد میں 8فیصدہے، جبکہ عام انتخابات 2018تک ووٹرز کی تعداد 10کروڑ سے تجاوزکرنے کا امکان ہے۔