میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اینٹی کرپشن ، محکمہ تعلیم حیدرآباد ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے خلاف تحقیقات

اینٹی کرپشن ، محکمہ تعلیم حیدرآباد ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے خلاف تحقیقات

ویب ڈیسک
منگل, ۲ جون ۲۰۲۶

شیئر کریں

بقایاجات کے بلوں کی ادائیگی کے عوض رشوت، غیر قانونی ترقیوں جعلی پنشن کے الزامات
تحقیقاتی افسر آغا حسین نے انکوائری کے لیے مختلف ملازمین کی سروس فائلیں بھی طلب کر لیں

(رپورٹ:عبدالغفور سروہی) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد نے محکمۂ تعلیم اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں، جعلی پنشن کیسز، غیر قانونی ترقیوں اور بقایاجات کی ادائیگی کے عوض رشوت طلب کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) حیدرآباد اور دیگر متعلقہ افسران کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اس سے قبل 13مئی 2026 کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو 21مئی 2026 کو طلب کیا تھا اور مطلوبہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ذرائع کے مطابق متعلقہ افسران مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئے ۔بعد ازاں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے یکم جون 2026 کو ’’ری مائنڈر ون‘‘ جاری کرتے ہوئے دوبارہ طلبی کا نوٹس ارسال کیا ہے ۔ مراسلے میں سپرنٹنڈنٹ نوید خاصخیلی اور تعلقہ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) قاسم آباد رافعہ کو 3 جون 2026 کو اینٹی کرپشن دفتر میں پیش ہونے اور مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق شکایات سندھ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن رولز 1993کے تحت موصول ہوئی ہیں، جن میں اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال، بقایاجات کے بلوں کی ادائیگی کے عوض رشوت، جعلی پنشن کیسز کی پراسیسنگ، غیر قانونی ترقیوں اور قواعد و ضوابط کے بغیر کیڈر تبدیلیوں کے الزامات شامل ہیں۔تحقیقاتی افسر آغا حسین کی نگرانی میں جاری انکوائری کے لیے مختلف ملازمین کی سروس فائلیں، پنشن کیسز، بقایاجات کے بل، ترقیوں سے متعلق ریکارڈ، ریٹائرڈ تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تفصیلات اور دیگر مالی دستاویزات طلب کی گئی ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور متعلقہ افسران کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ محکمۂ تعلیم میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی معاملات سے متعلق جاری تحقیقات کے باعث متعلقہ حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں