غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن
شیئر کریں
متعدد افراد گرفتار،ٹریفک کے شدید دباؤ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا
شاہ فیصل کالونی ، پیالہ ہوٹل ،صبا سینما، عیسیٰ نگری اور سنگو لین میں منڈیاں ختم
شہر قائد کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر شہر کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں، جس کے دوران متعدد ذمہ داران کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرا دی گئی ہیں۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کی وجہ سے شہر میں صفائی کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے اور ٹریفک کے شدید دباؤ کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز پولیس کی مدد سے ان منڈیوں کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔شاہ فیصل کالونی میں غیر قانونی مویشی منڈی قائم کرنے پر ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر وسطی طہٰ سلیم نے پیالہ ہوٹل کے قریب قائم مویشی منڈی کا ایک بار پھر خاتمہ کر دیا ہے۔ڈی سی وسطی نے بتایا کہ اس سے قبل بھی دو بار یہاں کارروائی کر کے منڈی ہٹائی گئی تھی، اب دوبارہ جانوروں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے وہاں مستقل عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ ضلع وسطی میں صبا سینما، عیسیٰ نگری اور سنگو لین کے قریب قائم منڈیوں کو بھی ختم کیا گیا ہے۔ادھر ضلع کورنگی میں ڈپٹی کمشنر مسعود بھٹو کی قیادت میں مخدوم سوسائٹی اے 3 (سب ڈویژن کورنگی)، کورنگی نمبر 5 نزد پل، ناصر جمپ، نیو ٹاؤن پی ایس، 16000 روڈ چکرا گوٹھ، پنجاب گراؤنڈ شاہ فیصل اور ریتہ پلاٹ شاہ فیصل سے غیر قانونی منڈیاں ہٹا دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ضلع کیماڑی میں ڈپٹی کمشنر امیر فضل اویسی کی زیر نگرانی ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر قائم ایک وسیع غیر قانونی مویشی منڈی کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ڈی سی کیماڑی کے مطابق یہ منڈی بہت بڑے رقبے پر قائم تھی جس کی وجہ سے ہاکس بے جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی تھی اور شہریوں کو شدید رکاوٹ کا سامنا تھا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی منڈیوں کے مکمل خاتمے تک یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔


