ادارہ ترقیات،گلستان جوہر بلاک 6میں متعدد غیر قانونی چاردیواریاں مسمار
شیئر کریں
بلاک 12کے پلاٹ نمبر C-23کی ایکسٹرا لینڈ پر چاردیواری کو مسمار نہ کرنے پر سوالات
گلستانِ جوہر سائٹ آفس کے ایک معطل افسر اور بلاک 6 کے چوکی انچارج ملوث، ذرائع
ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے میڈیا کی نشاندہی پر گلستان جوہر بلاک 6میں ہونے والی متعدد غیر قانونی چاردیواریوںکو مسمار کرادیا جبکہ کچھ پلاٹوں پر کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھ گئے ۔ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کی ہدایت پر گلستانِ جوہر بلاک 6میں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی متعدد چاردیواریوں کو مسمار کردیا گیا۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اور سائٹ آفس گلستانِ جوہر کی جانب سے چھٹی کے روز ہونے والی چاردیوای کو مسمار کیاگیا ۔ذرائع کے مطابق یہ چار دیواریاں بغیر این او سی تعمیر کی گئی تھیں، جن کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔ تاہم اسی روز بلاک 12 کے پلاٹ نمبر C-23 کی ایکسٹرا لینڈ پر قائم چاردیواری کو مسمار نہ کیے جانے پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گلستانِ جوہر سائٹ آفس کے ایک معطل افسر اور بلاک 6 کے چوکی انچارج کی مبینہ ملی بھگت سے بلاک 6 میں بغیر این او سی چاردیواریاں قائم کی جا رہی ہیں، جس پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔


