میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لطیف آباد میں سات منزلہ عمارت میں خلاف ضابطہ تعمیرات

لطیف آباد میں سات منزلہ عمارت میں خلاف ضابطہ تعمیرات

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۲ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

علاقے کے مختلف یونٹس، گلیوں اور شاہراہوں پر بھی غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری
ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اورنگزیب رضی کے خلاف شہریوں کا سخت کارروائی کا مطالبہ

(جرأت رپورٹ)حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 8میں اللہ والی مسجد کے برابر زیرِ تعمیر 7منزلہ عمارت کو شہریوں نے بلڈنگ کنٹرول ادارے میں مبینہ کرپشن کا منہ بولتا ثبوت قرار دے دیا ہے ۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے میں اتنی بلند عمارت کی تعمیر بلڈنگ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، مگر اس کے باوجود متعلقہ حکام کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ عمارت کی تعمیر کے لیے نہ صرف قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا بلکہ مبینہ طور پر بلڈنگ کنٹرول کے بعض افسران کی ملی بھگت سے یہ تعمیراتی کام جاری رکھا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لطیف آباد کے مختلف یونٹس، گلیوں اور شاہراہوں پر بھی اسی طرح غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جو بلڈنگ کنٹرول کے نظام پر سوالیہ نشان ہے ۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول کے ڈائریکٹر اورنگزیب رضی کے دور میں لطیف آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ سرپرستی کے باعث غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی جس سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول کے بعض افسران کی سرپرستی میں غیرقانونی تعمیرات کا رشوت بازار گرم ہے جس کے باعث شہر میں بغیر اجازت بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر کارروائی نہ کی گئی تو ایسے منصوبے مستقبل میں کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔مکینوں، سماجی حلقوں اور شہری تنظیموں نے حکومت سندھ، کمشنر حیدرآباد اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ لطیف آباد یونٹ نمبر 8 میں زیرِ تعمیر7منزلہ عمارت کا فوری نوٹس لے کر اس کی قانونی حیثیت کی جانچ کی جائے اور اگر کوئی بے ضابطگی سامنے آئے تو ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اورنگزیب رضی سمیت ذمہ دار افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ روکا جا سکے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں