میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شاعر، نعت گو اور مزاح نگار سلمان گیلانی انتقال کر گئے

شاعر، نعت گو اور مزاح نگار سلمان گیلانی انتقال کر گئے

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۲ فروری ۲۰۲۶

شیئر کریں

معروف شاعر، نعت گو اور مزاح گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

سید سلمان گیلانی 74 برس کے تھے اور کچھ عرصے سے شیخ زید ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، انہیں مذہبی اور ادبی حلقوں میں خاص مقام حاصل تھا،

وہ ختمِ نبوت کے پرجوش حامی اور تحریک ختمِ نبوت کے معروف رہنما سید امین گیلانی کے صاحبزادے تھے، انہوں نے اپنے والد کی طرح دینِ اسلام، نعت رسولؐ اور سماجی موضوعات پر منفرد انداز میں شاعری کی۔

مرحوم اپنی برجستہ مزاحیہ شاعری اور طنزیہ کلام کی بدولت مشاعروں کی جان سمجھے جاتے تھے، اُن کا اندازِ بیان شائستگی اور شگفتگی کا حسین امتزاج تھا، جس سے محفلیں زعفران زار ہو جاتیں،

نعتیہ کلام میں بھی ان کی پہچان نمایاں تھی، جس پر انہیں ’شاعرِ ختمِ نبوت‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا۔

سید سلمان گیلانی نے پوری زندگی ادب، مذہب اور سماجی شعور کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی تصنیف ’میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی‘ کو بھی قارئین میں پزیرائی ملی، جس میں ان کی یادداشتیں اور مشاہدات شامل ہیں۔

وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی مشاعروں میں شرکت کرتے رہے اور نعت و ختمِ نبوت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے تھے۔ ان کے انتقال پر ادبی، مذہبی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

شعرا، سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں، مرحوم کی نمازِ جنازہ اتوار کو صبح 10 بجے مصطفیٰ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سید سلمان گیلانی مرحوم کی رحلت کی خبر سے دل رنجیدہ اور افسردہ ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مرحوم کو سوز و گداز سے بھرپور آواز اور دلنشین طرزِ بیان عطا کیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں