سندھ حکومت کی ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے نئی شرط عائد
شیئر کریں
صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنیوالے تمام افراد کیلئے پری لائسنس ڈرائیونگ ٹریننگ لازمی قرار
سندھ بھر میں ایچ ٹی وی اور ایل ٹی وی ڈرائیور ٹریننگ اسکولز قائم کیے جائیں گے،وزیراعلیٰ کا اجلاس میں فیصلہ
سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے نئی شرط عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے تمام افراد کے لیے پری لائسنس ڈرائیونگ ٹریننگ لازمی قرار دی ہے، یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کے 50 ویں اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں ایچ ٹی وی اور ایل ٹی وی ڈرائیور ٹریننگ اسکولز قائم کیے جائیں گے اور بغیر تربیت کے کسی بھی امیدوار کو لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا، حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ پانچ سال میں ایک لاکھ ڈرائیورز کو تربیت اور لائسنس فراہم کیے جائیں۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ماحولیاتی سیاحت اور جنگلات کے تحفظ کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ماربل سٹی کراچی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں بیرون ملک روزگار کے مواقع حاصل ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی زیر صدارت ڈپارٹمنٹ آف امپاورمینٹ آف پرسنس وتھ ڈس ایبلٹیز (DEPD) کا اجلاس بھی ہوا جہاں خصوصی افراد کیلئے اے آئی بیسڈ جاب پورٹل کی منظوری دی گئی، آئی بی اے سکھر خصوصی افراد کے لیے جدید جاب پورٹل تیار کرے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کو خیرات نہیں بلکہ باعزت روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، یہ ڈیجیٹل انقلابی اقدام خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، خصوصی افراد کا جاب پورٹل سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں بنایا جائے، شکایات کیفوری ازالے کے بغیر کوئی نظام مکمل نہیں ہوتا، خصوصی افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے خصوصی افراد کے لیے خصوصی ایمپلائمنٹ ایکسچینج جاب پورٹل کی منظوری بھی دی گئی، ان کا کہنا ہے کہ تمام لوگوں خاص طور پر خصوصی افراد کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اے آئی پر مبنی جاب میچنگ سسٹم شفاف اور میرٹ پر بھرتیوں کو یقینی بنائیگا، ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، جاب پورٹل مئی 2026ء جبکہ شکایات کا نظام جولائی 2026ء میں فعال ہوگا، قمبر کا بحالی مرکز بچوں کی جسمانی اور اعصابی نشوونما کے علاج کے لیے وقف ہے، ہم خصوصی بچوں کی بحالی اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، خصوصی بچوں کو بااعتماد اور خودمختار زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے۔


