درود شریف سے مشکلات کا حل
شیئر کریں
عبدا لصبور شاکر
حدیث مبارکہ میں آیا ہے من لم یشکر الناس لم یشکر اللہ یعنی جو شخص بندوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا وہ اللہ تعالی کا شکر بھی ادا نہیں کرتا۔ گویا کہ اپنے محسن کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے خواہ کسی بھی صورت میں ہو۔ جبکہ ہمارے محسن اعظم، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، جنہوں نے ہمیں جہنم کی مہیب گھاٹیوں سے نکال کر جنت کی حسین وادیوں کی پہچان کرائی۔ اچھے اور برے کی تمیز سکھائی اور نفع ونقصان کے بارے میں مکمل رہنمائی فرمائی۔ ان کا کم ازکم حق یہ بنتا ہے کہ ہم انہیں دن کے کچھ حصے میں ضرور یاد کریں۔ اور اس کا بہترین طریقہ درود شریف ہے کہ اس کی تلاوت کر کے ہم اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو روزانہ کی بنیاد پرہدیہ بھیج سکتے ہیں۔ اس طرح نہ صرف ہمار ا تعلق نبی علیہ الصلوۃ والسلام سے مضبوط ہوگا بلکہ ہماری کئی دنیاوی پریشانیوں سے بھی ہمیں نجات مل سکتی ہے۔چنانچہ علماء کرام نے لکھا ہے۔ ’’درود شریف ایمان کا جزو ہے، اس کے ذریعے جہنم سے خلاصی اور جنت کی بشارت نصیب ہوتی ہے۔ اور ہر طرح کی کامیابی کا ضامن ہے۔درود شریف پڑھنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں، اعمال پاکیزہ ہوتے ہیں، درجات بلند ہوتے ہیں، احد پہاڑ کے برابر اجر لکھا جاتا ہے، جو اپنی دعاؤں اور اوراد کے بدلے ہر وقت درود پڑھے اس کی دنیا اور آخرت میں تمام امور میں کفایت کی جاتی ہے۔ درود شریف پڑھنے سے تنگ دستی دور ہوتی ہے، مال میں اضافہ ہوتا ہے، بے حساب حاجتیں پوری ہوتی ہیں۔ درود شریف نور ہے جس سے دشمنوں کے خلاف مدد حاصل ہوتی ہے، دل کا زنگ اور نفاق دور ہوتا ہے، لوگوں کے دلوں میں محبت کو پیدا کرتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خواب میںزیارت نصیب ہوتی ہے، غیبت سے روکتا ہے، غرض دین و دنیا کے اعتبار سے اتنا بڑا نفع بخش عمل ہے کہ کوئی عمل اس سے بڑھ کر نہیں۔‘‘
ذیل میں ہم درود شریف کے چند فوائد گنواتے ہیں۔
1…علماء کرام نے آیت مبارکہ ان اللہ وملئکتہ یصلون علی النبی سے یہ دلیل لی ہے کہ کسی بھی دعا کے شروع اور آخر میں درود شریف پڑھ لینے سے دعا ضرور قبول ہوتی ہے۔
2…شفاء میں لکھا ہے کہ ایک آدمی مندرجہ ذیل درود شریف روزانہ پڑھتا تھا، جس کی برکت کی وجہ سے اس نے خواب میں دیکھا کہ وہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے درمیان بیٹھا ہے۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ کَمَا تُحِبُّ وَتَرْضٰی لَہ‘۔
3… جوشخص یہ درودشریف پڑھے تو ہزار فرشتے ستر دن تک اس کا ثواب لکھتے رہتے ہیں۔ صَلَّی اللّٰہ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّجَزَاہ‘ عَنَّا مَا ھُوَ اَھْلُہ‘۔
4… یہ درود شریف پڑھنا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر سارے درود پڑھنے کے برابرہے۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ بِعَدَدِ کُلِّ ذَکَرَہ‘ اَلْفَ اَلْفَ مَرَّۃٍ۔
5… جو شخص اس درود شریف کو کسی مہم، کسی آفت اور کسی مصیبت میں ہزار مرتبہ پڑھے اللہ تعالی اس کی مشکلات کو دور فرمائیں گے، اور اس مصیبت کو ٹال دیںگے۔
أَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ صَلٰوۃً تُنَجِّیْنَا بِہَامِنْ جَمِیْعِ الْاَہْوَالِ وَالْأٰفَاتِ وَتَقْضِیْ لَنَا بِہَا جَمِیْعَ الْحَاجَاتِ وَتُطَہِّرُنَابِہَا مِنْ جَمِیْعِ السَّیِّئٰاتِ وَتَرْفَعُنَا بِہَاعِنْدَکَ اَعْلَی الدَّرَجَاتِ وَتُبَلِّغُنَا بِہَا أَقْصَی الْغَایَاتِ مِنْ جَمِیْعِ الْخَیْرَاتِ فِی الْحَیٰوۃِ وَبَعْدَالْمَمَاتِ اِنَّکَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ۔
حضرت مولانا حسین احمد مدنی رحمہ اللہ کسی بھی پریشانی کے لیے مذکورہ درود شریف کو ستر مرتبہ پڑھنے کا فرمایا کرتے تھے۔
6… ظہر کی نماز کے بعد یہ درود شریف سو مرتبہ پڑھنے والے کو تین باتیں حاصل ہوتی ہیں۔ ٭…کبھی مقروض نہیں ہوتا۔ ٭…جو قرض ہے وہ جلد ادا ہو جاتا ہے۔ ٭…قیامت کے دن اس کا کوئی حساب کتاب نہ ہوگا۔ أَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلہٖ وَباَرِکْ وَسَلِّمْ۔
7 … ہر درد اور بیماری دور ہونے کے لیے اول آخر مذکورہ درود شریف پڑھیں اور درمیان میں مع بسم اللہ ، سورۃ فاتحہ،اور اس کے بعد تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھ کر دم کردیں ۔ ان شاء اللہ ہر بیماری سے شفاء نصیب ہو گی۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ بِعَدَدِ کُلِّ دَائٍ وَّدَوَائٍ وَّباَرِکْ وَسَلِّمْ۔
8… جو شخص نماز فجر کے بعد سو مرتبہ بطور وظیفہ پڑھ کر اپنے کاموں میں مشغول ہوا کرے، اسے پورے دن میں خیروبرکت اور دینی و دنیاوی دلجمعی نصیب ہوگی اور اس کا کوئی کام ضائع نہیں ہوگا۔ أَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰل مُحَمَّدٍکُلَّمَا ذَکَرَہُ الذَّاکِرُونَ وَکُلَّمَا سَھٰی عَنْہُ الْغَافِلُونَ وَ عَلٰی اٰل مُحَمَّدٍ وَّباَرِکْ وَسَلِّمْ۔
9… اس درود شریف کے پڑھنے کی برکت سے اللہ تعالی روزی میں برکت نصیب کرتے ہیں اور صدقہ کرنے کے برابر اجر عطا فرماتے ہیں۔ أَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ عَبْدِکَ وَرَسُوْلِکَ وَصَلِّ عَلٰی الْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُؤمِنَاتِ وَالْمُسْلِمِیْنَ وَالْمُسْلِمَاتِ۔
10… جو شخص صبح شام سات ، سات مرتبہ یہ درود شریف پابندی سے پڑھے گا ،اللہ تعالی اس کی برکت سے اس کی اولاد کو باعزت رکھے گا۔
أَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِ الْعَالَمِیْنَ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ صَلٰوۃً اَنْتَ لَھَا اَھْلٌ وَّبَارِکْ وَسَلِّمْ کَذَالِکَ۔
اللہ تعالی ہمیں اپنی اور اپنے پیارے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت نصیب فرمائے ۔ (آمین)