کشمیریوں کا بھارتی جارحیت کیخلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان
شیئر کریں
27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے اپنی فوجیں اتاری تھیں اوربڑے حصے پر ناجائز قبضہ کیا
مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی، کل جماعتی حریت کانفرنس کی پریس کانفرنس
کشمیریوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہائش پذیر کشمیری بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں اور ریاست جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر ناجائز قبضہ کیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں اور بھارتی قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جائے گا۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پر عملدرآمد کروایا جائے،جب تک مقبوضہ کشمیر سے آخری بھارتی فوجی کا انخلا نہیں ہو جاتا آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری رہنما نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر مظفر آباد میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور اقوام متحدہ سے قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا۔


