پی ٹی آئی کا سینیٹ میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
شیئر کریں
جعلی انتخابات کا حصہ نہیں بنوں گی، پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ دوٹوک پیغام ہے،اہلیہ سلمیٰ اعجاز
سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا جائے گا،پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی اور جیل میں قید چیٔرمین عمران خان کی ہدایت پر آئندہ تمام ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، تاہم میاں اظہر کی خالی نشست پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔تحریک انصاف نے واضح کیا کہ سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست کے انتخاب کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا، بانی نے کہا ہے کہ نو مئی کیسزمیں پی ٹی آئی ارکان کوناحق سزادی گئی، بنیادی حقوق پامال کیے گئے، یہ انتقامی کارروائی کی بدترین مثال ہے۔تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، عمران خان کی ہدایت پر اعجاز چوہدری کی نشست کے لیے ان کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا گیا تھا۔سلمیٰ اعجاز نے کہا جعلی انتخابات کا حصہ نہیں بنوں گی، پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ دوٹوک پیغام ہے، پارٹی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو تسلیم نہیں کرے گی۔پارٹی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی اس فیصلے کے ذریعے یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو قبول نہیں کریں گے۔


