
مودی کی عالمی دہشت گردی
شیئر کریں
ریاض احمدچودھری
امریکا، کینیڈا اور پاکستان میں بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں، بھارت عالمی دہشت گرد ملک ہے۔ اگر بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے تو یہ سوالات تو سامنے آئیں گے اور انہیں سامنے آنا چاہیے، یہ سب شواہد سامنے آنے چاہئیں، مودی کا بھارت بین الاقوامی دہشت گرد ہے۔مختلف کالعدم تنظیموں کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت کی جانب سے فنڈنگ کی جا رہی ہے، اس کے بھی شواہد ہمارے پاس محفوظ ہیں۔ بھارت اب پاکستان پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، مودی پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تنقید کا سیلاب آیا ہوا ہے، مودی نے اپنے خطاب میں چیزوں کو سمیٹنے کی کوشش کی ہے، چیزیں اتنی بکھر چکی ہیں کہ مودی سمیٹ نہیں سکے گا۔ بھارت میں بھی مودی سرکار کے دن گن جاچکے ہیں، فیصلہ بھارت کے عوام کریں گے۔
پاکستان 25 سال سے دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے، الزام بھی ہمارے اوپر لگایا جارہا ہے، وزیر اعظم نے خود پیشکش کی تھی کہ دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کی جائیں، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تسلیم کیا جائے، ہم نے بڑا نقصان اٹھایا ہے۔ پوری دنیا سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، بھارت کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا ایجنڈا مسئلہ کشمیر ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہیے، تیسرا پانی کے مسئلے پر بات کی جائے گی، پانی کے معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا نہیں جاسکتا، جب مذاکرات کی کوششں شروع ہو تو معاہدے کی شقوں کے مطابق دیکھنا چاہیے۔بھارت خود کئی سال سے دہشت گردی کرا رہا ہے، بھارت عالمی دہشت گرد ہے، ہم دہائیوں سے بھارت کے خلاف مشرقی اور مغربی محاز پر لڑ رہے ہیں، بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت کینیڈا میں بھی اور امریکا میں بھی موجود ہیں، یہ دہشت گردی کے ثبوت مذاکرات میں سامنے آنے چاہئیں۔
بھارت کی مودی حکومت نے دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی سرپرستی کو جس طرح باقاعدہ ریاستی پالیسی کی حیثیت دے رکھی ہے ، اب وہ ایک معروف حقیقت ہے۔ امریکہ اور کنیڈا تک اس کا نشانہ بنے ہیں جبکہ پاکستان بھارت کی اس پالیسی کا خصوصی ہدف ہے۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خضدار واقعے میں فتنة الہندوستان ملوث ہے۔ اس سلسلے میں ناقابل تردید دستاویزی اور آڈیو ویڈیو ثبوت و شواہد کی روشنی میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ عالمی سطح پردہشت گردی کی سوچی سمجھی اور منظم کارروائیوں میں ملوث ریاست کی حیثیت سے بے نقاب کیا گیا اور اس کی بیس سالہ دہشت گردی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔یہ امر بھی واضح کیا گیا کہ فتنہ ہندوستان اور فتنہ خوارج نے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے دو بار اقوام متحدہ کو بھی بھارتی دہشت گردی کے ٹھوس شواہد دیے جا چکے ہیں۔
بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد کسی تحقیق اور ثبوت کے بغیر جس طرح فوری طور پر پاکستان پر اس کا الزام لگاکر باقاعدہ فوجی جارحیت کا ارتکاب کیا ، اس سے مودی حکومت کی بدنیتی صاف ظاہر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خود بھارت میں اس کارروائی کو وقتی سیاسی مقاصد کے لیے رچایا گیا ناٹک قرار دیا جارہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیے جانے کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست پر مجبور تو ہونا پڑا لیکن ایک طرف پاکستان کے اندر دہشت گردی کی سرگرمیاں تیز کرنے کے ضمن میں اس کے ناپاک ارادے واضح ہیں اور دوسری طرف نریندرا مودی اشتعال انگیز بیان بازی کے ذریعے سے خطے میں جنگ کی فضا قائم رکھنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔مودی سرکار 2014 سے عالمی سطح پر ریاستی دہشتگردی کا جال بنتی آ رہی ہے، جو اب عالمی سطح پر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔امریکہ میں مودی سرکار کا خفیہ نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ”ہندو امریکن فاؤنڈیشن” مودی سرکار کی آلہ کار نکلی۔
”دی گارڈین ” کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے فریمانٹ گوردوارے نے ہندو امریکن فاؤنڈیشن کو مودی سرکار کا غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا، فریمانٹ گوردوارے نے امریکی محکمہ انصاف (DoJ) سے ہندو امریکن فاؤنڈیشن کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔گوردوارے نے الزام عائد کیا کہ”ہندو امریکن فاؤنڈیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے مفادات کو امریکہ میں فروغ دے رہی ہے۔ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے مودی سرکار کی بی جے پی پارٹی کے مؤقف کی مسلسل حمایت کی ہے۔فریمانٹ گوردوارے نے مطالبہ کیا کہ ہندو امریکن فاؤنڈیشن کو غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر رجسٹر کیا جائے۔” گوردوارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے بھارتی حکام کو اپنے پروگرامز میں پلیٹ فارم فراہم کیا،مودی سرکار پہلے ہی سکھ کارکنان کے خلاف کینیڈا اور امریکہ میں کارروائیوں کے الزامات کی زد میں ہے۔
دوسری جانب ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فریمانٹ گوردوارے پر ہی الزام عائد کیا کہ”یہ مہم خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے چلائی جا رہی ہے۔”ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کرنے کے بعد بھارتی حکومت پر بیرون ملک سکھوں کے خلاف اقدامات کھل کر واضح ہو گئے ہیں۔امریکہ نے بھی واضح کیا تھا کہ بھارتی ایجنٹ نے امریکی شہری اور سکھ کارکن گرپتونت سنگھ پنو کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق”ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی سرگرمیاں بڑھا دیں۔”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔