ایران میں موجود صمد کاٹھیاواڑی گینگ کوجلد گرفتار کرلیا جائیگا، آئی جی سندھ
شیئر کریں
ملائشیا سے بھتا گینگ آپریٹ کرنیوالے 3سرغنوں کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں
کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر مجموعی طور پر قابو پا لیا گیا ہے،صنعت کاروں سے خطاب
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ ایران میں موجود صمد کاٹھیاواڑی سمیت ملائشیا سے بھتہ گینگ آپریٹ کرنے والے 3سرغنوں کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں جنہیں ایران کی صورتحال بہتر ہوتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر مجموعی طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔سائیٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں صنعت کاروں سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی میں بھتے کی وارداتیں محدود ہیں البتہ نارتھ کراچی میں بھتے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جہاں صمد کاٹھیاواڑی گینگ ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ بھتہ خوروں کے 80 فیصد آلہ کار مارے جاچکے ہیں، تحقیقات کے بعد اس امر کی نشان دہی ہوئی ہے کہ بھتے کی ایف آئی آر محض 30 فیصد حقیقی معنوں میں بھتے سے متعلق درست تھیں جبکہ باقی ماندہ 70فیصد ایف آئی آر کاروباری تنازعات کی وجہ سے درج کرائی گئیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ جرائم کراچی کا مسئلہ رہا ہے لیکن مجموعی طور پر قابو پالیا گیا ہے، سائٹ کے چند علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئی ہیں تاہم ان پر قابو پایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جس دور میں سائٹ صنعتی علاقہ بنا تھا یہ شہر کے گرد و نواح میں تھا، کراچی جس تیزی سے پھیلا ہے، شاید ہماری مطلوبہ پلاننگ نہیں تھی، ہمارے پاس ایکسپریس وے نہیں ہے جس کے سبب ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں، ایکسپریس وے بھی ہماری پلاننگ میں شامل ہی نہیں تھی، ٹریفک کو بہتر کرنے کے لیے شہر میں تین گنا زائد ایڈوانس کیمرے نصب کررہے ہیں۔


