
سندھ بلڈنگ، اسحاق کھوڑو کی ناجائز تعمیرات کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سوالیہ نشان
شیئر کریں
سیکٹر 11 Aپلاٹ 430 اور 11 H پلاٹ 20 کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل پورشن یونٹ کی تعمیر
نارتھ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کی حفاظت پر عاطف شیروانی مامور،انہدام سے محفوظ رکھنے کی گارنٹی
کراچی میں جاری غیر قانونی تعمیرات نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔انہدامی کارروائیوں کی آڑ میں بلڈرز و بیٹر مافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر کے بلڈنگ افسران کو غیر قانونی دھندوں کی سرپرستی کی مکمل چھوٹ دی جا رہی ہے جسکا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بدعنوان بلڈنگ افسران خطیر رقوم بٹورنے کے بعد خلاف ضابطہ تعمیرات کو انہدام سے محفوظ رکھنے کی گارنٹی دے رہے ہیں۔ اسی ضمن میں ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی میں سینئر بلڈنگ انسپکٹر عاطف شیروانی کا نام سامنے آیا ہے۔ موصوف نے کمزور بنیادوں کی پرانی عمارتوں پر بالائی منزلوں کی تعمیر شروع کروا رکھی ہیں ۔زیر نظر تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نارتھ کراچی سیکٹر 11Aپلاٹ نمبر B 430اور سیکٹر 11H میں پلاٹ نمبر 20 کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل پورشن یونٹ کی تعمیرات انہدام نہ ہونے کی گارنٹی کے ساتھ جاری ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ وسطی میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے لئے تشکیل دی جانے والی کمیٹی بھی نارتھ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔ نارتھ کراچی میں جاری غیر قانونی تعمیرات پر موقف لینے کے لئے عاطف شیروانی سے رابط کرنے کی کوشش کی گئی مگر موصوف نے جواب دینا ضروری نہ سمجھا۔