9 مئی مقدمات، جے آئی ٹی رپورٹ میں پی ٹی آئی رہنما مجرم قرار
شیئر کریں
9مئی کے مختلف مقدمات کی تحقیقات کے لئے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے پی ٹی آئی قیادت اور کئی رہنمائوں کو مجرم قرار دیدیا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سانحہ 9مئی کے مختلف مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ۔جے آئی ٹی نے 9مئی کے مختلف مقدمات میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ، تفتیش کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے 9مئی کو عوام کو اکسایا۔جے آئی ٹی تفتیش کے مطابق اسد عمر ، اعظم سواتی ، حافظ فرحت سمیت دیگر ملزمان گنہگار ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت بھی گنہگار ہے ۔دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کے وکلا سے استفسار کیا کہ آپ بتا دیں تاریخ چاہیے ، پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ تفتیش مکمل کریں اب ہو گئی ہے تو بحث کریں۔ بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر 14جنوری کو طلب کر لیا ۔علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہائوس حملہ ،تھانہ شادمان جلائو گھرائو سمیت سانحہ 9مئی کے 5مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی، پولیس نے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کو چار مقدمات میں قصوروار قرار دے دیا۔ تفتیشی افسر نے ملزمان کی چار مقدمات تفتیشی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل کے روبرو پیش کی۔پولیس نے کہا کہ تین مقدمات میں تفتیش جاری ہے ۔ اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ ، مسرت جمشید چیمہ ، مزمل مسعود عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے سات جنوری کو پولیس کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں سات جنوری تک توسیع کر دی۔قبل ازیں 5 اکتوبر کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان، عظمی خان، سلمان اکرم راجہ اور دیگر کی ضمانتوں میں 18جنوری تک توسیع کر دی گئی۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں (ن) لیگ آفس اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت 9مئی کے دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جہاں علیمہ خان اور عظمی خان پیش ہوئیں۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چوہدری، اسد عمر اور اعظم خان سواتی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے ۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنماں کی عبوری ضمانتوں میں 14 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت میں جے آئی ٹی کے تفتیشی افسروں نے رپورٹ پیش کی جس کے مطابق علیمہ خان اور عظمی خان سمیت تمام ملزمان قصور وار ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اسد عمر کئی سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں، وکلا دلائل دیں تو استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی جائے گی۔وکلا نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل کے لیے مہلت طلب کر لی۔عدالت نے عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چوہدری کی ایک پیشی کے لیے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی۔