میانوالی پر دہشت گردوں کا اچانک حملہ ناکام، 4دہشت گردمارے گئے
شیئر کریں
پنجاب پولیس کے جوانوں نے تھانہ چاپری میانوالی پر دہشت گردوں کا اچانک حملہ ناکام بنا دیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خیبر پختواخواہ سے متصل پنجاب کی بین الصوبائی سرحد پر عیسیٰ خیل سرکل کے تھانہ چاپری پر 20 سے زائد دہشت گردوں نے بھاری اسلحہ کے ساتھ تھانہ پر اچانک حملہ کیا۔پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران دہشت گردوں نے تھانہ کی عمارت پر راکٹ لانچرز برسائے اورہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے تاہم جس میں2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر میانوالی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے، پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔