میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے دو نمونے غیر معیاری قرار دے دیے

سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے دو نمونے غیر معیاری قرار دے دیے

جرات ڈیسک
پیر, ۲۷ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

3 اور 5 ملی لیٹر سرنجیں میڈیکل ڈیوائس رولز 2017 کے معیار پر پورا نہ اتر سکیں،

رپورٹس ڈرگ انسپکٹر اور کوالٹی کنٹرول بورڈ کو ارسال

 

سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (ایس ڈی ٹی ایل) نے آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے دو نمونوں کو ٹیسٹنگ کے بعد غیر معیاری قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کے لیے رپورٹ ارسال کر دی ہے۔

سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جانچ کے دوران 5 ملی لیٹر اور 3 ملی لیٹر آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے نمونے مقررہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں سرنجوں کو **میڈیکل ڈیوائس رولز 2017** کے تحت غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ سرنجیں خیبرپختونخوا میں قائم ایک فارماسیوٹیکل کمپنی کی تیار کردہ ہیں۔

ٹیسٹنگ کے دوران ان سرنجوں میں موجود آٹو ڈس ایبل اور ری یوز پروٹیکشن فیچر مطلوبہ معیار کے مطابق مؤثر ثابت نہیں ہوئے، جس کے باعث ان کا خودکار حفاظتی نظام بھی ناکام رہا۔ڈائریکٹر جنرل سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری عدنان رضوی کے مطابق آٹو ڈس ایبل سرنجوں کا بنیادی مقصد ایک ہی مرتبہ استعمال کو یقینی بنانا اور انہیں دوبارہ استعمال کے قابل نہ رہنے دینا ہے، تاہم متعلقہ نمونوں میں یہ حفاظتی خصوصیات مؤثر ثابت نہ ہونے کے باعث یہ سرنجیں محفوظ انجیکشن کے اصولوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ رپورٹس مزید کارروائی کے لیے ڈرگ انسپکٹر کراچی ایسٹ اور سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ کو ارسال کر دی گئی ہیں، تاکہ ضابطے کے مطابق قانونی اور انتظامی اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔

صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے کہا کہ غیر معیاری یا دوبارہ استعمال کے خطرے والی سرنجیں ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی اور سی سمیت دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے طبی آلات کے معیار کی سخت نگرانی اور مؤثر ریگولیٹری اقدامات ناگزیر ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں