اسرائیل کا الاھلی عرب اسپتال پربدترین حملہ
شیئر کریں
غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری 42 ویں روز بھی جاری ہے ، عرب اور عالمی سفارتی کوششوں کے باوجود جنگ بندی کی کوئی امید نظر نہیں آرہی۔غزہ میں صیہونی فورسز کی وحشیانہ بمباری نے فلسطین میں شہادتوں کی داستان رقم کردی، بمباری میں 76ہزار رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ شہدا کی مجموعی تعدادساڑھے 11ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں 4ہزار 660 بچے ، 3ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔قابض فوج کے المغازی میں فضائی حملے کے دوران مزید 9افراد شہید ہوگئے جبکہ 26 ہسپتال مکمل طور پرتباہ ہوگئے ہیں، اسرائیلی حملوں میں 29ہزارسے زائد شہری زخمی ہوئے جبکہ 1770بچے لاپتا ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں معمدانی ہسپتال جسے الاھلی عرب ہسپتال بھی کہتے ہیں پر دھاوا بول دیا ہے۔ہلال احمر نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس کی ایمبولینسز کا عملہ زخمیوں تک پہنچنے سے قاصر ہوگیا ہے۔فلسطینی ٹیلی ویڑن نے اطلاع دی کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کل شام سے لے کر اب تک الاھلی عرب ہسپتال میں تقریباً 100 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔