میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ،کرپٹ نظام ڈی جی اسحق کھوڑو کو دھوکا دینے میں کامیاب

سندھ بلڈنگ،کرپٹ نظام ڈی جی اسحق کھوڑو کو دھوکا دینے میں کامیاب

ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ اکتوبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

( رپورٹ: نجم انوار) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے پٹہ سسٹم کے سرکاری سرغنہ شہزاد آرائیں نے 10 نومبر تک اپنی واپسی کی خبر پھیلا دی ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیمالیشن ریحان عرف الائچی کرپٹ سسٹم کی سہولت کاری کر رہا ہے اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کی بھتہ مافیا نے اغوا برائے تاوان و بھتہ خوری کے الزام کا سامنا کرنے والے ایاز میمن موتی والا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابقہ کرپٹ سسٹم کے سرکاری سرغنہ گریڈ 14 کے معمولی بلڈنگ انسپکٹر شہزاد آرائیں نے اپنے کارندوں کے ذریعے کراچی کے بلڈرز کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ 10 نومبر تک اپنا سسٹم واپس لا رہا ہے، لیکن اس بار وہ صرف کثرالمنزلہ عمارتوں کے بلڈنگ پلانز کی منظوری کا کام کرے گا۔ جبکہ سسٹم کا نجی سرغنہ بظاہر بیرون ملک چپ سادھے بیٹھا ہے۔ وہ نظام میں موجود سنگین خطرات کی خاموش ہدایت پر خود کو منظرعام سے ہٹا کر حالات کا گہری نظر سے جائزہ لے رہا ہے۔ لیکن وہ اپنے ایک خاص کارندے کے ذریعے ڈائریکٹر ڈیمالیشن ریحان الائچی کو بتاتا ہے کہ شہزاد آرائیں کے دور میں بننے والی کون سی غیر قانونی تعمیرات توڑنی ہیں اور کون سی چھوڑنی ہیں۔ یوں تعمیراتی لاقانونیت کے خاتمے کے بلند بانگ دعوے دھوکے اور بگلا بھگت کی غمازی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کرپٹ سسٹم ریحان کو جس غیر قانونی بلڈنگ کو چھوڑنے کا کہتا ہے وہاں سے مبشر خانزادہ بھتہ وصول کر کے لاتا ہے جس میں سے سب سے بڑا حصہ ریحان ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کے نام سے لیتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریحان کی مدد سے اب تک کرپٹ سسٹم نے جن غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی کروائی ہیں وہ پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جوں کی توں موجود ہیں اور اسحاق کھوڑو کا کو منہ چڑا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کرپٹ سسٹم کے سرکاری و نجی سرغنہ نے کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کی درجنوں غیر قانونی تعمیرات سے ریحان کو بھاری رقوم دلائی ہیں کیونکہ ایسا کرنا بلڈرز مافیا کی مجبوری اس لیے ہے کہ انہیں ہر صورت میں اپنی غیر قانونی تعمیرات بچانی ہوتی ہیں تاکہ ان کا نام اور ساکھ خراب نہ ہو۔ ذرائع کے مطابق اپنی ساکھ بچانے کی خاطر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے بھتہ خور ثاقب بن رؤف اور اس کی ٹیم نے ایاز میمن موتی والا کے ساتھ کچھ راز ونیاز کیے ہیں اور گزشتہ ہفتے موتی والا کے بیٹے کے ولیمہ میں ثاقب بن رؤف نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے مخصوص خدمات بھی انجام دی ہیں جبکہ ایاز میمن موتی والا کچھ ماہ قبل اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار ھو کر جیل جا چکا ہے۔ بعد ازاں مدعی سے عدالت کے باہر صلح کر کے مقدمات سے نجات کی عدالتی صورتوں کو یقینی بنا سکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو خواب غفلت سے کب جاگتے ہیں ؟


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں