گورنر ہاؤس پر جماعت اسلامی کے دھرنے کی تیاریاں، کیمپ لگادیے
شیئر کریں
جماعت اسلامی کے تحت بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں، اعلی افسران اور طبقہ اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات اور مفت بجلی و پیٹرول ختم نہ کرنے ،آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق اور سنگین مسائل کے حل کے لیے اتوار8اکتوبر کو گورنر ہاؤس سندھ پر دیے جانے والے احتجاجی دھرنے کی تیاری تیزی سے جاری ہیں ۔ شہر کی اہم شاہراں، سڑکوں اور پبلک مقامات پر کیمپ لگا دیئے گئے ہیںجہاں سے شہریوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ۔شہر بھر میں عوامی رابطہ مہم بھی تیزی سے جاری ہے ،کارکنان لوگوں سے رابطے کر رہے ہیں۔بعد نماز جمعہ شہر کی بیشتر مساجد میں دھرنے کے حوالے سے لاکھوں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقیم کیے گئے ، بڑی تعداد میں کارنر میٹنگز کی گئیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں شہر میں جگہ جگہ بینرز بھی آوایزاں کردیے گئے ہیں اورموبائل پبلی سٹی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔دھرنے کے سلسلے میں عوام کے اندر زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ دھرنے میں تاجر، مزدور اور محنت کش، علما کرام، اساتذہ، طلبہ، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا وصحافی برادری سمیت ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے ۔دھرنے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی طور پرشرکت کریں گے اور شرکاء سے خطاب کریں گے ۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے گزشتہ سال جنوری میں سندھ اسمبلی کے باہر 29روزہ تاریخی دھرنا دیا گیا تھا۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ہر سطح کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایات کی ہے کہ دھرنے کو موثر اوربھر پور بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کریں اور عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ عوام مہم کو مزیدتیز کر دیں۔